• news

18 برس گزر جانے پر بھی مرتضیٰ بھٹو قتل کیس میں انصاف فراہم نہیں کیا گیا: غنویٰ

لاڑکانہ (آن لائن) پیپلز پارٹی شہید بھٹو کی چیئرپرسن غنوی بھٹو نے کہا ہے کہ ملک تمام مشکل صورتحال سے گزر رہا ہے، حکمرانوں کے پاس عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کوئی بھی پروگرام نہیں ہم سونامی نہیں بلکہ انقلاب چاہتے ہیں۔ لاڑکانہ پریس کلب میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے باعث لوگ دو وقت کی روٹی کھانے کیلئے پریشان ہیں، یہاں نہ صرف ہندو بلکہ غریب مسلمانوں پر بھی ظلم اور بربریت کے پہاڑ گرائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی آدھی آبادی کی اکثریت عورتوں پر مشتمل ہے اور وہ ہی زیادیتوں کے شکار ہیں ضرورت اس بات کی ہے کہ خواتین منظم اور متحد ہو کر استحصالی نظام کے خلاف بغاوت کریں، رسول آباد میں چار عورتوں سے اجتماعی زیادتی کے واقعہ نے انسانیت کی گردن شرم سے جھکا دی۔ وزیر اعلیٰ سندھ کے اضلاع میں ایسا واقعہ افسوسناک ہے جبکہ دیگر ممالک میں ایسے واقعات پر حکمران مستعفی ہو جاتے ہیں۔ میر مرتضی بھٹو کے قتل کے متعلق انہوں نے کہا میر مرتضی بھٹو قتل کیس میں انصاف کیلئے تمام عدلیہ کو آزما لیا لیکن اٹھارہ برس گزر جانے کے باوجود بھی انصاف فراہم نہیں کیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن