• news

قادری ٹولہ عراق، لیبیا، شام کی طرح پاکستان میں بھی انارکی پھیلانا چاہتا ہے: طاہر اشرفی

 لاہور (خصوصی نامہ نگار)قادری ٹولہ عراق ، لیبیا اور شام کی طرح پاکستان میں بھی انارکی پھیلانا چاہتا ہے، نام نہاد شیخ الاسلام کو غزہ کے معصوم بچے ، بوڑھے اور عورتیں نظر نہیں آتیں ۔ پاکستانی عوام طاہر القادری اور ان کے ساتھ سیاسی یتیموں کو مسترد کر چکی ہے ۔ یہ باتیں پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے علماء او ر مشائخ کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور مسلم دنیا کو اس وقت وحدت کی ضرورت ہے لیکن طاہر القادری لیبیا اور عراق میں قائم شدت پسند تنظیموں کی طرح پاکستان میں بھی عراق جیسی انارکی پھیلانا چاہتا ہے جس کو کسی صورت پاکستانی قوم قبول نہیں کرے گی ۔ انہوں نے کہا پاکستان جن مسائل کا شکار ہے اس میں قومی وحدت کی ضرورت تھی لیکن طاہر القادری پاکستان دشمن قوتوں کے ایما پر قومی وحدت کو پارہ پارہ کرنے، آئی ڈی پیز سے توجہ ہٹانے اور آپریشن ضرب عضب کے خلاف سازشیں کرنے پاکستان آئے ہیں اور بہت جلد وہ کینیڈا واپس چلے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو طاہر القادری کی سرگرمیوں کو مانیٹر کرنا چاہیے اور طاہر القادری کے خلاف منی لانڈرنگ کے ثبوتوں کو یورپی یونین اور کینیڈا کی حکومتوں کے حوالے کرنا چاہیے۔

ای پیپر-دی نیشن