منگلا ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہونا شروع، متاثرین کی احتجاج کی دھمکی
میرپور+ ڈیرہ غازیخان (ثناء نیوز+ بیورو رپورٹ) حالیہ بارشوں سے منگلاڈیم میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ہونا شروع ہوگئی ہے۔ متاثرین کو گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی زبردستی بے دخل کیا جائے گا۔ ایک کھرب 10ارب سے زائد رقم سے مکمل ہونے والے سب سے بڑے آبی ذخیرہ کے متاثرین آج بھی در بدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ منگلا ڈیم افیئرز کے حکام مقامی متاثرین کی بحالی میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں جس پر مقامی متاثرین نے بڑے احتجاج کی دھمکی دیدی ہے۔ متاثرین نے وزیراعظم آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا ہے جب تک مقامی متاثرین کی بحالی کا عمل مکمل نہیں ہو جاتا ڈیم میں پانی کی سطح 1230 سے بلند نہ کی جائے۔بے گھر متاثرین وزیراعظم نواز شریف کے دورہ آزاد کشمیر پر علامتی احتجاج کرینگے۔ اس سلسلے میں مقامی ایکشن کمیٹی نے مشاورتی اجلاس طلب کر لیا ہے۔ علاوہ ازیں کوہ سلیمان پر ہونیوالی شدید بارش کے سبب ڈیرہ غازیخان کے برساتی ندی نالوں میں طغیانی سے متعدد دیہات اور سینکڑوں ایکڑ رقبہ پر کھڑی فصلیں زیرآب آ گئیں۔