• news

سعودی خاندان سات ہزاربچوں کو گود لیں گے،وزارت انصاف

ریاض(این این آئی)سعودی وزارت انصاف نے کہاہے کہ سعودی خاندان 6 ہزار 691 ایسے بچوں کو اپنائیں گے جو یتیم ہیں یا کسی اور وجہ سے اپنے والدین سے محروم اور دور ہو گئے ہیں،میڈیارپورٹس کے مطابق یہ بات سعودی وزارت انصاف نے بتائی ہے۔ اس سلسلے وزارت انصاف اور وزارت داخلہ ضروری کارروائی عمل میں لا رہی ہے۔سماجی امور کی نگران وزارت میں یتیم بچوں کی دیکھ بھال کرنے کے شعبے کے ڈائریکٹر عید البقامی کے مطابق سعودی خاندانوں کی طرف سے بچے گود لینے کیلئے بڑی تعداد نے خود کو پیش کیا ہے۔ سعودی شہریوں کی طرف سے اس خواہش اور پیشکش پر مبنی درخواستیں ملک بھر میں قائم وزارت سماجی امور کے ذیلی دفاتر کو موصل ہوئی ہیں۔عید البقامی نے بتایا ان بچوں کو خاندانوں کے حوالے کرنے سے پہلے ایک جانب پولیس ضروری کارروائی مکمل کر رہی ہے اور دوسری جانب ان بچوں کو ضروری چیک اپ وغیرہ کیلئے ہسپتالوں میں رکھا گیا ہے، جہاں ان کی خوراک اور صحت کا پورا خیال رکھا جا رہا ہے۔ڈائریکٹر عید البقامی کے مطابق ان کا محکمہ علاقائی گورنرز کی ہدایت پر ایسے بچوں کو اپنی نگرانی میں لیتا ہے۔ بچوں کو گود لینے والے خاندانوں سے کہا گیا ہے انہیں شیر خوار بچوں کیلئے دودھ پلانے والی خواتین کا انتظام کرنا ہوگا۔ وزارت کی طرف سے یہ بنیادی شرائط میں سے ایک شرط ہے۔ واضح رہے 2013ء میں سعودی عدالتوں نے 391 بچوں کے سعودی شہریوں کی طرف سے اپنائے جانے کا عمل مکمل کیا تھا تاہم رواں سال یہ تعداد پچھلے سال کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔

ای پیپر-دی نیشن