• news

جسٹس (ر) ثائر علی پی سی بی کے قائم مقام چیئرمین، چیف الیکشن کمشنر مقرر

لاہور (سپورٹس رپورٹر) وزیراعظم میاں نواز شریف کی سفارش پر بین الصوبائی رابطہ کمیٹی نے  جسٹس (ر) ثائر علی کو پاکستان کرکٹ بورڈ کا قائم مقام چیئرمین و چیف الیکشن کمشنر مقرر کر دیا ہے۔ نوٹیفیکشن کے مطابق نئے قائم مقام چیئرمین 30 روز میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا انتخابی عمل مکمل کرینگے جس کے لئے بورڈ کے پیٹرن انچیف وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف کی جانب سے دو افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ نامزد افراد میں سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی اور سابق چیئرمین پی سی بی شہریار احمد خان شامل ہیں۔ سابق چیئرمین نجم سیٹھی پہلے ہی سپریم کورٹ آف پاکستان کو لکھ کر دے چکے ہیں وہ چیئرمین کا  الیکشن نہیں لڑیں گے۔ حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفیکشن کے بعد شہریار احمد خان پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین کے مضبوط امیدوار بن گئے ہیں۔ قائم مقام چیئرمین پی سی بی و الیکشن کمشنر جسٹس (ر) محمد ثائر علی آج اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔ ذرائع کے مطابق قائم مقام چیئرمین عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد بورڈ کی انٹرنل میٹنگ بلائیں گے جس میں چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد انہیں الیکشن اور بورڈ کے معاملات کے حوالے سے بریف کرینگے۔ حکومت کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفیکشن میں 16ریجنز کے ناموں کا بھی اعلان کیا گیا ہے جس میں سے گذشتہ سیزن میں منعقد ہونے والے قائد اعظم ٹرافی ٹورنامنٹ میں پہلی چار پوزیشن حاصل کرنے والے ریجنز پی سی بی کے پہلے گورننگ بورڈ کا حصہ ہونگے جن میں اسلام آباد، کراچی، پشاور اور راولپنڈی شامل ہیں جبکہ چار ٹاپ ڈیپارٹمنٹس میں یو بی ایل، سوئی گیس، نیشنل بنک اور واپڈا شامل ہیں۔ نوٹیفیکشن میں وفاقی سیکرٹری بین الاصوبائی رابطہ کمیٹی بورڈ آف گورنرز کا حصہ ہونگے لیکن وہ الیکشن پراسیس میں ووٹ کاسٹ نہیں کر سکیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن