دائرہ اور پرسٹن یونیورسٹی کے اشتراک سے مجید نظامی قومی ادبی ریفرنس آج اسلام آباد میں ہو گا
اسلام آباد (اے پی پی) ملک کے ممتاز صحافی اور دانشور مجید نظامی کی یاد میں ادبی تنظیم دائرہ اور پرسٹن یونیورسٹی کے مشترکہ اہتمام سے ’’مجید نظامی قومی ادبی ریفرنس‘‘ آج بروز منگل تین بجے سہ پہر پرسٹن یونیورسٹی ایچ 8اسلام آباد میں منعقد ہو گا جس میں 500 سے زائد ممتاز شخصیات، ارکان پارلیمنٹ نامور صحافی اور معروف دانشور شرکت کریں گے۔ تقریب میں مجید نظامی کی عالمی و قومی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔ دائرہ کی مجلس عاملہ کا اجلاس گذشتہ روز چیئرمین ڈاکٹر غضنفر مہدی کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا جس کی صدارت پرسٹن یونیورسٹی کے چانسلر ڈاکٹر عبدالباسط نے کی۔ اجلاس میں طے پایا قومی ادبی ریفرنس کی تمام کارروائی کو کتابی صورت میں شائع کیا جائے گا۔ ایک تعزیتی کتاب رکھی جائے گی جس میں شرکاء مجید نظامی کی شخصیت اور خدمات کے حوالے سے اپنے تاثرات درج کریں گے۔ ڈاکٹر غضنفر مہدی نے کہا یہ تاریخی ادبی تقریب جشن آزادی کی تقریبات کا حصہ ہے کیونکہ مجید نظامی اور ان کے بھائی حمید نظامی نے تحریک پاکستان میں نمایاں خدمات سرانجام دیں۔