نواز شریف نے اپوزیشن کو منانے میں دیر کردی 14 اگست کی کال واپس نہیں لی جاسکتی: شیخ رشید
اسلام آباد (آئی این پی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے 14 اگست کی کال کو آگے پیچھے نہیں کیا جا سکتا، ہماری یا نواز شریف حکومت کی سیاست میٹرو کے کھڈے میں دفن ہو گی، 12اگست تک ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی بھی دھرنے سے متعلق فیصلہ کر سکتی ہیں، نواز شریف نے اپوزیشن کو منانے میں دیر کر دی۔اگر حالات خراب ہوئے تو فوج مداخلت کر سکتی ہے۔ پیر کو یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ 5عمارتوں کا نام اسلام آباد نہیں ہے،14اگست کی کال کو آگے پیچھے نہیں کیا جا سکتا، جو سیاستدان کال واپس لے گا وہ گڑھے میں گر جائے گا، دو نمبر سیٹوں والوں نے ملک کو نقصان پہنچایا ہے، اب ان سے جان چھڑائی جائے۔ نواز شریف چوہدری نثار بارے اپنی رائے بدل چکے ہیں، اگر حالات خراب ہوئے تو فوج مداخلت کر سکتی ہے۔