وہاڑی: جیپ تلے روندنے سے جاں بحق مووی میکر کی میت کے ہمراہ ورثاء کا مظاہرہ، روڈ بلاک
لاہور +وہاڑی (خصوصی رپورٹر + نامہ نگار) پیپلز کالونی میں شادی کے دوران اوباش افراد کے تشدد اور جیپ کے نیچے روندے جانے سے ہلاک ہونے والے تصور قریشی کی میت پوسٹ مارٹم کے بعد جب گھر پہنچی تو وہاں کہرام مچ گیا، لواحقین اور اہل علاقہ نے میت کو اٹھا کر پیپلز کالونی ریلوے پھاٹک کے قریب رکھ کر ملتان روڈ بلاک کر دیا اور سینکڑوں افراد نے ٹائروں کو آگ لگا کر واقعہ اور پولیس کے خلاف شدید احتجاج کیا۔گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جس کے بعد ایم این اے طاہر اقبال چوہدری اور ایم پی اے چوہدری ارشاد احمد ارائیں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صادق علی ڈوگر اے ڈی سی رافد احمد ملہی اے سی عمران منیر بھٹی ڈی ایس پی شاہد نیاز گجر، حاجی نوید اقبال قریشی و دیگر نے مقتول کے ورثاء سے مذاکرات کئے جس پر ورثاء نے مطالبہ کیا کہ وقوعہ کی ایف آئی آر نئے سرے سے دہشت گردی کی دفعات لگا کر درج کی جائے اور بااثر مبینہ ملزموں کو فی الفور گرفتار کیا جائے اور پولیس تھانہ سٹی کے ایس ایچ او اعجاز مبشر کے خلاف محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے جس پر ڈی پی او وہاڑی نے تمام مطالبات کو تسلیم کر لیا اور کامیاب مذاکرات کے بعد 8 گھنٹے سے رکی ٹریفک کو بحال کرایا۔ یاد رہے کہ مذاکرات کے درمیان کئی بار تعطل آتا رہا جس کی وجہ سے انتظامیہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، شدید گرمی اور حبس میں آٹھ گھنٹے تک احتجاج جاری رہا اور مظاہرین کے لئے ٹھنڈے پانی اور سایہ کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔ دریں اثناء ڈی پی او نے ایس ایچ او تھانہ سٹی اعجاز مبشر بھٹی کو معطل کر کے لائن حاضر کر دیا اور علی رضا، محمد انور، جاوید، آصف، عدنان اور نعمان سمیت 6 افراد کو حراست میں لے کر مرکزی ملزموں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مار ٹیمیں تشکیل دے کر روانہ کر دی گئی ہیں اور مبینہ ملزمان کا فون ڈیٹا کے ذریعے سراغ لگا لیا گیا۔دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے وہاڑی میں تشدد کے بعد کیمرہ مین کو گاڑی تلے کچل کر قتل کرنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او وہاڑی سے رپورٹ طلب کرلی اور ہدایت کی ہے کہ واقعہ میں ملوث تمام ملزموں کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ کی ہدایت پر پولیس نے قتل میں ملوث 11 ملزموں کو گرفتار کرلیا۔
مووی میکر