اہم حکومتی شخصیات کے رابطے، طاہر القادری نے انقلاب مارچ کی تاریخ آگے بڑھانے کا عندیہ دیدیا
اسلا م آ با د(آن لائن) اہم حکومتی شخصیات کے پس پردہ ڈاکٹرطاہرالقادری سے رابطے جاری ہیں اورانہی رابطوں کے باعث فی الحال عوامی تحریک نے انقلاب مارچ کی تاریخ کوآگے بڑھانے کاعندیہ دیدیا ہے۔ذرائع کے مطا بق عوامی تحریک اور تحریک انصاف میں مشترکہ احتجاجی مارچ کے معاملات اب تک فائنل نہیں ہوسکے ہیں جس کی وجہ سے طاہرالقادری اورانکی اتحادی جماعتوں نے انقلاب مارچ کی تاریخ کا اتوارکواعلان نہیں کیا،ان سیاسی اتحادیوں میں فی الحال اس بات پراتفاق ہوا ہے کہ تحریک انصاف کے آئندہ کے سیاسی عمل کو مد نظر رکھتے ہوئے اگلی پالیسی طے کی جائے گی۔حکومتی حلقوں کا کہنا ہے کہ حکومتی اعلیٰ ترین شخصیت کی ہدایت پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور طاہر القادری سے مسلسل پس پردہ رابطے میں ہیں اور ان رابطوں میں انھیں یہ پیغام دیا گیا ہے کہ وہ اپنے تمام امور پر حکومت سے مذاکراتی آپشن پر بات کریں اور فی الحال اپنے انقلاب مارچ کی تاریخ کو تبدیل کر دیں۔اس حوالے سے طاہرالقادری نے حکومتی پیغام پر اپنے قریبی رفقاسے طویل مشورے کیے ہیں اور اس مشاورت میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ آپریشن ضرب عضب کے باعث فی الحال انقلاب مارچ کی تاریخ کا تعین آئندہ کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیاجائے گا۔
عندیہ