• news

5 خودکشیاں: گوجرانوالہ میں والدین کی سرزنش پر دوشیزہ نے زندگی ختم کر لی

گوجرانوالہ + فیصل آباد + ہیڈمرالہ (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) مختلف وجوہات پر دوشیزہ، خاتون سمیت 5 افراد نے زندگی ختم کر لی۔ تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں والدین کی سرزنش سے دلبرداشتہ دوشیزہ نے زہریلی گولیاں نگل کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ ورپال چٹھہ کی بیس سالہ (س) نے والدین کی سرزنش پر دلبرداشتہ ہو کر زہریلی گولیاں نگل لیں۔ ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکی اور کچھ دیر موت وحیات کی کشمکش میں رہنے کے بعد دم توڑ گئی، نعش کو ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔ علاوہ ازیں فیصل آباد میں مکوآنہ کے نواحی علاقے چک نمبر 215 ر۔ رب کے حاجی نذیر احمد کے 29 سالہ بیٹے محبوب نذیر نے گھریلو جھگڑے پر دلبرداشتہ ہو کر گندم میں رکھنے والی گولیاں نگل لیں جس کے بعد وہ زندگی کی بازی ہار گیا۔ ہیڈمرالہ کے علاقہ زندہ شریف کے پچاس سالہ محمد صادق جو عرصہ سے پراسرار بیماری میں مبتلا تھا۔ گذشتہ روز مائی ملانی کے ڈیرے کے قریب دریائے چناب میں چھلانگ لگا کر خودکشی کر لی۔ ڈھلیوالی کا چالیس سالہ عبدالرئوف جو مسلسل بے روزگاری اور گھریلو حالات سے تنگ تھا دریائے چناب میں چھلانگ لگا دی اور ڈوب کر ہلاک ہو گیا۔ این این آئی کے مطابق جھڈو میں اولاد کی نعمت سے محروم خاتون نے گھریلو زندگی سے تنگ آ کر زہریلی دوا پی کر خودکشی کر لی۔ جھڈو تعلقہ یونین کونسل روشن آباد کے گائوں برلا کی ستائیس سالہ شہناز سولنگی نے ازدواجی زندگی سے تنگ آ کر زندگی ختم کر لی۔
زندگی ختم

ای پیپر-دی نیشن