ڈیرہ اسماعیل خان : ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ‘ تحریک انصاف کے رہنما فقیر جمشید دو محافظوں سمیت جاں بحق
ڈیرہ اسماعیل خان /اسلام آباد /پشاور/لاہور (آئی این پی + رائٹرز+خصوصی رپورٹر) ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی میں مڈی روڈ پر ریمورٹ کنٹرول بم دھماکے میں تحریک انصاف کے رہنما فقیر جمشید دومحافظوں سمیت جاں بحق ہوگئے ،صدر ممنون حسین،وزیر اعظم محمد نواز شریف ،شہبازشریف، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ،جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن ،امیر جماعت اسلامی سراج الحق سمیت سیاسی وسماجی رہنماؤں نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔پیر کو پولیس کے مطابق پاکستان سرائیکی پارٹی کے سابق امیدوار اور کلاچی کی روحانی شخصیت فقیر جمشید کلاچی سے ڈیرہ اسماعیل خان سٹی کی جانب آ رہے تھے کہ مڈھی گائوں کے قریب ریموٹ کنٹرول بم سے ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس سے فقیر جمشید کی گاڑی تباہ ہوگئی۔ گاڑی میں سوار تینوں افراد جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ان کے دوگارڈ ز بھی شامل تھے۔ این اے 24 ڈیرہ اسماعیل خان 1 سے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑا ،فقیر جمشید کے والد روحانی پیشوا تھے ان کی وفات کے بعد فقیر جمشید سجادہ نشین بنے اور ان کے مریدوں کی بڑی تعداد پنجاب سے تعلق رکھتی ہے۔ پولیس نے کہاہے کہ جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد سے پتہ چلتا ہے کہ دہشتگردوں کی جانب سے دھماکا ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کیا گیا۔
ڈیرہ دھماکہ