33 رکنی پارلیمانی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات کا اجلاس کل ہو گا
اسلام آباد(ثناء نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی 16 سیاسی جماعتوں کے نمائندوں پر مشتمل 33 رکنی پارلیمانی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات کا اجلاس کل 6 اگست کو ہو گا۔ اجلاس میں پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین کا انتخاب ہو گا۔کمیٹی کے ٹاسک کے حوالے سے ٹرم آف ریفرنس کی باقاعدہ طور پر منظوری دی جائے گی۔ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کو کمیٹی کا سربراہ منتخب کئے جانے کا امکان ہے۔یاد رہے کہ پارلیمانی انتخابی اصلاحات کمیٹی میں حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ(ن) اور اس کے اتحادی ارکان کی اکثریت ہے ۔ کمیٹی میں 19 کا تعلق حکومت اور اس کی اتحادی جماعتوں جبکہ 14 کا تعلق اپوزیشن جماعتوں سے ہے ۔ اجلاس میں انتخابی اصلاحات کے سلسلے میں ٹاسک کی تین ماہ میں تکمیل اور رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کرنیکے بارے میں حکمت عملی طے کی جائے گی۔ بیشتر جماعتیں اصلاحات کے سلسلے میں ہوم ورک اور ورکنگ پیپرز تیار بھی کر چکی ہیں۔ اجلاس پارلیمنٹ ہائوس میں ہو گا۔
انتخابی اصلاحات کمیٹی / اجلاس