مجموعی طور پر عام انتخابات 2013ء گزشتہ 2 الیکشنز سے بہتر تھے: پلڈاٹ
اسلام آباد (اے پی پی) عام انتخابات 2013ء کے پری پول فیز کے مجموعی معیار کی شرح 62.35 فیصد رہی جو 2002ء کے عام انتخابات میں 30.59 فیصد اور 2008ء کے عام انتخابات میں 32.94 فیصد تھی۔ پلڈاٹ کے مطابق عام انتخابات 2013ء کے پری پول فیز میں نمایاں بہتری آئی اور ماضی کے برعکس نئی انتخابی فہرستوں کے حوالے سے کوئی بڑی شکایت نہیں سنی گئی جس کے لئے نادرا اور الیکشن کمیشن کی تعریف کی جانی چاہئے۔ پلڈاٹ کی رپورٹ بعنوان ’’عام انتخابات 2013ء کے معیار کا جائزہ‘‘ میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ مختلف سیاسی جماعتوں اور افراد کی طرف سے چھوٹے پیمانے پر دھاندلی اور بے قاعدگیوں کے کچھ الزامات لگائے گئے تاہم مجموعی طور پر یہ انتخابات 2002ء اور 2008ء کی نسبت نمایاں طور پر بہتر تھے۔ پلڈاٹ نے تین جامع مرحلوں کے تحت عام انتخابات کا جائزہ لیا جن میں پری پول فیز، پولنگ ڈے آپریشن اور پوسٹ پول فیز شامل ہے۔ انتخابی عمل کے دوران الیکشن کمیشن کی آزادی اور اس کی جامع دیانتداری کی سطح اور عدلیہ کی آزادی کا پیرامیٹر بھی انتہائی بہترین درجے میں شامل تھا۔ میڈیا کے حکومتی اثرورسوخ سے آزاد ہونے کے معیار کا پیرامیٹر بھی بہترین رہا۔ اگرچہ انتخابات سے قبل کے مرحلہ میں الیکشن کے معیار میں بہتری کی جو رفتار قائم ہوئی وہ پولنگ کے روز اور اس کے بعد کے مرحلے میں برقرار نہ رہی۔ اس کے باوجود تمام انتخابی مرحلے میں بہتری محسوس کی جا سکتی ہے۔ انتخابات کے روز انتخابی عملے کے غیر جانبدارانہ ہونے اور ووٹوں کی گنتی کیلئے اطمینان بخش انتظامات سابقہ دو انتخابات کی نسبت بہتر درجے کے حامل تھے۔ اس مرحلے کے معیار کی مجموعی شرح 46.67 فیصد رہی جو 2002ء کے انتخابات میں 44 فیصد اور 2008ء کے انتخابات میں 42.67 فیصد تھی۔
پلڈاٹ