• news

فلسطینیوں سے یکجہتی‘ جماعت اسلامی کا حکومت مخالف ایجنڈا ملتوی‘ دس اگست کو ریلی کا اعلان‘ مسلم لیگ صنض نے حمایت کر دی

اسلام آباد (آن لائن+ ثناء نیوز) غزہ کی ابتر صورتحال، فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے جماعت اسلامی نے حکومت مخالف سیاسی ایجنڈا چند روز کیلئے ملتوی کرتے ہوئے 10 اگست کو اسلام آباد میں لبیک یاقبلہ اول ریلی، 17 اگست کو پورے ملک میں یوم فلسطین اور کراچی میں غزہ ملین مارچ کا اعلان کردیا، امیر جماعت سراج الحق نے کہا ہے نبیوں کی سرزمین جل رہی ہے مسئلہ فلسطین امہ کا اولین مسئلہ ہے تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں سیاسی مفادات سے بالاتر ہوکر مظلوم مسلمانوں کی حمایت کیلئے سعی کریں، یوم آزادی پر تمام جماعتوں کو احتجاج کا حق حاصل ہے، ہم کسی صورت صوبائی اسمبلی کی تحلیل کی حمایت نہیں کرینگے قومی اسمبلی سے استعفے دینا تحریک انصاف کا حق لیکن احتجاجی تحریک میں شمولیت کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ مشاورت کے بعد کرینگے، آزادی مسجد اقصیٰ پر پاکستان سعودی عرب و ایران سمیت تمام اسلامی ممالک کو متحد کرے، اسلامی سربراہی کانفرنس اسلام آباد میں طلب کی جائے جبکہ سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کیا جائے، حکومت نے عملی اقدام نہ اٹھایا تو جلد دنیا بھر کی اسلامی تحریکوں کا مشاورتی اجلاس طلب کرینگے، فلسطینی عوام کیلئے ایک کروڑ روپے نقد جبکہ 60ہزار ڈالر کی 6ایمبولینس بھجوانے کا بھی اعلان کردیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں مرکزی کابینہ کے ہمراہ پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ 2 ماہ سے ملک میں استحصالی نظام کے خلاف بھرپور عوامی ایجنڈے پر کام کر رہے تھے جبکہ جماعت کی مرکزی مجلس عاملہ نے بھی عوامی ایجنڈے کی منظوری دیدی ہے مگر غزہ کی صورتحال کے پیش نظر اور مرکزی و صوبائی قیادت سے مشاورت کے بعد سیاسی ایجنڈے کو فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مؤخر کر دیا ہے۔انہوں نے کہا اسلامی دنیا جب عید کی خوشیوں میں مصروف تھی تو مظلوم فلسطینی اپنے پیاروں کے نعشے اٹھا رہے تھے۔ اسرائیل نے 28 روز میں ظلم و بربریت کی انتہا کردی اور نبیوں کی سرزمین کو ساڑھے 18 سو سے زائد مظلوموں کے خون سے رنگین کردیا ہے۔ انہوں نے کہا افسوس مصر سمیت کئی اسلامی ممالک فلسطینی عوام کی بجائے اسرائیل کی مدد کر رہے ہیں۔ اب وقت ہے اُمہ مسجد اقصیٰ کی آزادی کیلئے یک نکاتی ایجنڈے پر متفق ہو جائے۔ انہوں نے کہا حکومت سے بھی مطالبہ کرتے ہیں وہ عالم اسلام کی اکلوتی ایٹمی طاقت کی حیثیت سے اُمہ کی ترجمانی و رہنمائی کرے اور فوری طور پر اسلام آباد میں اسلامی سربراہی اجلاس بلا کر صہیونی درندے کے خلاف عملی اقدامات کا اعلان کر ے جبکہ اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کیا جائے اور صہیونی ریاست پر عالمی قوانین کے مطابق پابندیاں لگوانے اور جنگی جرائم کے ارتکاب پر عالمی عدالت میں اس پر مقدمہ چلوانے کی بھرپور کوشش کرے۔ حکومت مصر سے رابطہ کرکے رفاہ بارڈر مستقل طور پر کھلوائے۔انہوں نے کہا ہم پوری قوم، حکومت، تمام سیاسی جماعتوں، انسانی حقوق کی تنظیموں، این جی اوز اور عوام سے اپیل کرتے ہیں 17 اگست کو قومی یوم فلسطین منانے کا اعلان کریں۔
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ ثناء نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے حکومت اس ماہ کی دس تاریخ کو فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے جماعت اسلامی کی ریلی کی حمایت کرتی ہے۔ قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا اسرائیل فلسطینیوں پر بدترین قسم کے مظالم ڈھا رہا ہے اور دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا اسرائیل نہتے فلسطینیوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنا رہا ہے۔ انہوں نے کہا اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے، اقوام عالم خاموش ہے۔

ای پیپر-دی نیشن