انقلاب آیا تو عمران یا طاہر القادری کا نہیں فوج کا آئے گا: مولانا حیدری
کراچی +وزیرآباد(آن لائن+نامہ نگار) جے یو آئی کے رہنما عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ انقلاب آیا تو طاہرالقادری یا عمران خان کا نہیں فوج کا ہی آئے گا‘ تحریک انصاف احتجاج کی بجائے خیبرپی کے پر توجہ دے۔ پیر کو کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عبدالغفور حیدری نے کہا کہ خیبر پی کے میں تحریک انصاف کی حکومت ہے انہیں اس پر توجہ دینی چاہئے تھی لیکن وہ ایک سال میں بجٹ کا 20 فیصد بھی خرچ نہ کرسکے اور وہاں عمران خان اپنے دعوئوں پر عملدرآمد میں بری طرح ناکام رہے جسے چھپانے کیلئے انہوں نے جلسے جلوس شروع کردئیے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ناکامیوں کو چھپاکر اپنی حکومت پر توجہ نہیں دیں گے تو مستقبل میں ان کا حال برا ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کو دی جانے والی سہولیات بارے تفصیلات کا علم نہیں تاہم ان کی تکالیف کا علم ضرور ہیں اور حکومت کی کوشش ہوگی کہ انہیں سہولیات فراہم ہوسکیں۔ ایک سوال کے جواب پر انہوں نے کہا کہ طاہرالقادری شارٹ کٹ سے اقتدار پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔ وہ یہاں بیٹھ کر انتخابات میں حصہ لیں اور اگر قوانین میں کوئی سقم ہے تو معاملہ پارلیمنٹ میں حل ہوسکتا ہے۔ اوکاڑہ سے نامہ نگار کے مطابق عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ عمران خان اور طاہر القادری نے احتجاج، لانگ مارچ، انقلاب کی باتیں کر کے جو ماحول بنا رکھا ہے اس طرح انقلاب نہیں آتے، انقلاب آئے گا تو فوج کا آئے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سنٹر اوکاڑہ میں ملک کی موجودہ صورتحال پر صحافیوں سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔