• news

مارشل لاء آیا تو اسکے خلاف لڑونگا اور پہلی گولی میں کھائونگا: جاوید ہاشمی

لاہور (خصوصی رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے صدر مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ تحریک انصاف پُرامن پارٹی ہے اور اس کے اب تک ہونے والے تاریخ ساز اجتماعات کے موقع پر ایک شیشہ تک نہیں ٹوٹا، ہم اس جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں جس کی اجازت آئین اور جمہوریت دیتی ہے۔ مارشل لاء آیا تو اس کے خلاف سب سے پہلے میں لڑوں گا اور پہلی گولی میں کھائوں گا۔ وہ گزشتہ روز ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں میڈیا کے سوالوں کا جواب دے رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہاکہ حکومت غلط قدم اٹھائے گی تو اس کا فائدہ نہیں ہو گا۔ ماڈل ٹائون میں غلط کیا گیا کہ 14آدمی مارے گئے۔ انہوں نے کہاکہ میاں صاحب وزیراعظم بنے تو ہم نے ان پر اعتماد کا اظہار کیا لیکن انہوں نے حکومت میں آکر اپوزیشن کے مطالبات پر کوئی توجہ نہیں دی، ہم نے چار حلقے کھولنے کی بات کی، چودھری نثار نے کہاکہ 80حلقے کھول دیتے ہیں لکین یہ زبانی جمع خرچ ثابت ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ایوب خان، یحییٰ خان، ضیاء الحق اور پرویز مشرف کے مارشل لائوں کے خلاف جنگ لڑی کوئی یہ نہ سوچے کہ مارشل لگایا جائے وگرنہ ہم مارشل لاء کے خلاف کھڑے ہوں گے اور پہلی گولی میں کھائوں گا۔

ای پیپر-دی نیشن