حکومت کا توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے جامع پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (آن لائن) وفاقی حکومت نے ملک میں جاری توانائی بحران پر قابو پانے کے لیے جامع پروگرام شروع کرنیکا فیصلہ کیا ہے۔اس ضمن میں دستیاب دستاویز کے مطابق وزارت خزانہ نے وزارت پانی و بجلی کو ایک خط بھجوایا ہے جس میں توانائی بحران پر قابو پانے کے لیے اور نیشنل گرڈ میں اضافی بجلی شامل کرنے کے لیے جامع پلان پر عملدرآمد کی حکمت عملی مرتب کرنے اور اہداف مقرر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ اس حوالے سے وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں نصب تمام ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کے پاور پلانٹس کے ذریعے 22 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت ہے لیکن اس کے لیے تمام مطلوبہ ایندھن درکار ہوتا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر تمام پاور پلانٹس کے لیے ان کے مطابق ایندھن دستیاب ہوبھی جائے اور بائیس ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کر بھی لی جائے تو بھی اس سے پورا فائدہ نہیں اٹھایا جاسکتا ہے کیونکہ بجلی کی ترسیل کا نظام اتنا مضبوط نہیں ہے اور ٹرانسمیشن لائنز کی قلت ہے اور پوری بجلی ترسیل نہیں کی جاسکتی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اب جو پروگرام شروع کیا جارہا ہے اس کے تحت جہاں انرجی مکس کو بہتر بنانے کے لیے ایسے ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کے شارٹ ٹرم،میڈیم ٹرم اور طویل المدت منصوبے شروع کیے جارہے ہیں جن سے سستی بجلی پیدا ہوسکے تاکہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے ایشو کو بھی حل کیا جاسکے۔