4 برس میں پنجاب کا گروتھ ریٹ8 فیصد پر لے جانا چاہتے ہیں: مجتبیٰ شجاع
لاہور(کامرس رپورٹر)وزیر ایکسائز وٹیکسیشن ، خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ اگلے چار سالوں میں ہم پنجاب کا گروتھ ریٹ 8فیصد پر لے کر جانا چاہتے ہیں اورپنجاب کے موجودہ بجٹ کے نتیجے میں 70لاکھ سے زائد افراد خط غربت سے اوپر آجائیں گے جبکہ 40لاکھ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع بھی میسر ہوں گے اس کے علاوہ 20لاکھ افراد کو فنی تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ اپنے پاؤں پر کھڑے ہوسکیں-انہوںنے کہا کہ جنوبی پنجاب کے لئے ترقیاتی بجٹ کا 36فیصد حصہ مختص کیا گیا ہے تاکہ کم ترقی یافتہ اضلاع میں زیادہ سے زیادہ ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جاسکیں-انہوں نے کہا کہ پاورجنریشن اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے اور ساہیوال پاور پلانٹ مکمل ہونے سے 1320میگاواٹ بجلی کم لاگت پر مہیا ہوگی جس سے صنعت اور زراعت کے پیداواری اخراجات بھی کم ہوں گے-انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ اپنی مدت مکمل ہونے تک بجلی کی پیداوار کے منصوبے مکمل کرلئے جائیں اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو- بجٹ میں تعلیم اور صحت کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی گئی ہے-