اقتصادی بہتری کیلئے حکومت غیر یقینی صورتحال کا خاتمہ کرے: تاجر برادری
لاہور (کامرس رپورٹر)پیاف نے حکومت پر زور دیا ہے کہ ملک میں غیر یقینی سیاسی صورت حال ختم کرنے کے لیے فوری اقدامات کئے جائیں کیونکہ ان حالات کی وجہ سے ملکی اقتصادیات خاص طور پر خارجہ سرمایہ کاری پر شدید منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں ۔ مختلف کاروباری شعبوں کے وفود سے ملاقااتوں میں پیاف کے چیئرمین ملک طاہر جاوید نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش اقتصادی مشکلات پر قابو پانے کے لیے ملک کے اندر موجود تمام سیاسی قوتوں کو مشترکہ حکمت عملی کے ساتھ کوششیں کرنا ہوں گی ۔ ملاقات کرنے والوں میں انجمن تاجران کے صدر خالد پرویز پیپر مرچنٹس ایسوسی ایشن کے خامس سعید بٹ اور پاسپیڈا با دامی باغ کے ناصر حمید خاں شامل تھے ۔ ملک طاہر جاوید نے کہا ان ملکوں کی تیز رفتار ترقی کا راز یہ ہے کہ ان کے عوام سیاست دانوں اور نجی کاروباری شعبہ نے قدم سے قدم ملا کر جد و جہد کی اور آگے بڑھنے کے عمل میں بے پناہ سنجیدگی کا مظاہرہ کیا ۔ پیاف کے چیئرمین نے کہا کہ کاروباری طبقہ اچھی طرح سمجھتا اور جانتا ہے کہ ملک کی اقتصادی ترقی میں بجلی اور گیس کی قلت بہت بڑی رکاوٹ ہے ۔