جنرل ہسپتال میں بچے کی تبدیلی تحقیقاتی کمیٹی کا اجلاس‘ ریکارڈ کی پڑتال
لاہور(نیوزرپورٹر)جنرل ہسپتال کے لیبر روم سے تبدیل ہونے والے نومولود بچے کے مبینہ واقعہ کی تحقیقات کے لیے قائم کمیٹی کا اجلاس سوموار کے روز کمیٹی کے سربراہ معروف گائناکالوجسٹ پروفیسر ڈاکٹرفرخ زمان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں دو اگست کو ہسپتال کے لیبر روم میں ہونے والے زچگی کیسز کی پڑتال کی گئی۔ اجلاس کے دوران ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر، نرسز اور پیرامیڈیکس کے بیانات بھی قلمبند کیے گئے اور متاثرہ خاندان کا مؤقف بھی سنا گیا۔ایم ایس ڈاکٹر پرویز امتیاز نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ مریضہ حنا عابد اس کے شوہر اور نومولود بچی کے ڈی این اے ٹیسٹوں کی رپورٹ ملنے پر تمام حقائق سامنے آجائیں گے۔