رواں مالی سال کے دوران 16سرکاری ادارے فروخت کئے جائینگے
اسلام آباد(ثناء نیوز) رواں مالی سال پی آئی اے اور اسٹیل ملز سمیت سولہ سرکاری ادارے فروخت کئے جائیں گے،کئی اداروں کی نجکاری کے لئے مالی مشیروں کی تقرری کا عمل مکمل ہوگیا۔نجکاری کمیشن کے ذرائع کے مطابق حکومت نے رواں مالی سال سولہ سرکاری اداروں کی نجکاری کا فیصلہ کیا ہے، جس سے ایک سو اٹھانوے ارب روپیآمدنی کا تخمینہ ہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ تیس جون دوہزار پندرہ تک پی آئی اے کے بیس فیصد حصص فروخت کئے جائیں گے۔جس کے لئے کنسورشیم کا انتخاب کر لیا گیا ہے،جبکہ بجلی کی تین پیداواری کمپنیوں کی نجکاری کے لئے بھی مالی مشیروں کی تقرری کی منظوری بھی دی گئی ہے،ساتھ ہی او جی ڈی سی ایل کی نجکاری کا عمل رواں سال اکتوبر تک مکمل کر لیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فروخت کے لئے منتخب اداروں میں یو بی ایل،ایچ بی ایل، الائیڈ بینک، پی پی ایل اور پاکستان اسٹیل ملز شامل ہیں۔