• news

انتخابی مینڈیٹ جعلی ہے تو عمران خیبر پی کے حکومت میں کیوں بیٹھے ہیں: پرویز رشید، سعد رفیق

اسلام آباد (آئی این پی ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید اور وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ اگر 11 مئی 2013ء کے انتخابات کا مینڈیٹ جعلی ہے تو پھر عمران خان کے پی کے حکومت میں کیوں بیٹھے ہیں، عمران خان تکبر میں اندھے ہو گئے ہیں اور پاکستان کو انتشار اور انارکی کا شکار بنانا چاہتے ہیں۔ وہ  منگل کو عمران خان کی پریس کانفرنس پر  اپنے  ردعمل کا اظہار کر رہے تھے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کو یہ معلوم نہیں کہ جہانگیر ترین کو (ن) لیگ کے امیدوار نے نہیں ہرایا بلکہ انہیں ہرانے والے آزاد امیدوار تھے۔ عمران خان کی پارٹی کے امیدوار جن حلقوں میں جیت گئے وہاں انتخابات شفاف تھے اور جہاں ان کے امیدوار ہار گئے وہاں دھاندلی ہو گئی، یہ منطق عوام جاننے کیلئے تیار نہیں، وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ  عمران خان پاکستان کو انتشار کا شکار کرنا چاہتے ہیں، وہ تکبر میں اندھے ہو چکے اور اس تکبر میں پاکستان کو سیاسی اور معاشی عدم استحکام کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2013ء کے انتخابات میں اگر عمران خان کی خواہش یا مرضی کے مطابق نتائج نہیں آئے تو انہیں ملک کو انتشار کا شکار کرنے کے بجائے 5سال انتظار کرنا چاہئے۔

ای پیپر-دی نیشن