جاوید ہاشمی کے طیارے کو سیالکوٹ ائرپورٹ اترنے کی اجازت نہ ملی، کارکنوں کا احتجاج
ڈسکہ+ اسلام آباد (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی+ آئی این پی) ڈسکہ میں عید ملن پارٹی میں شرکت کیلئے آنے والے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی راہنما جاوید ہاشمی کے طیارے کو سیالکوٹ ائیرپورٹ پر اترنے کی اجازت نہ مل سکی جس سے پی ٹی آئی کے کارکن مشتعل ہو گئے اور ڈسکہ میں عید ملن پارٹی میں شامل ہزاروں لوگوں نے احتجاج کرتے ہو ئے ٹریفک جام کر دی۔ احتجاجی ریلی کی قیادت عمر ڈار، قاری ذوالفقار علی سیالوی، چوہدری شاہنواز چیمہ، افتخار ساہی، عرفان علی مغل نے کی احتجاجی ریلی کے شرکاء نے شہر کے مختلف چوکوںپر دھرنا دیئے اورلاری اڈہ پر ٹریفک بلاک کر دی۔ پی ٹی آئی کے رہنمائوں نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ حکومتی اوچھے ہتھکنڈے احتجاجی مارچ کو نہیں روک سکتے۔ دریں اثناء تحریک انصاف کے صدر مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ حکومت نے غیر جمہوری رویہ اختیار کرتے ہوئے مجھے اڑھائی گھنٹے تک جہاز میں محصور رکھا، تحریک انصاف کے ورکرز سے بوکھلا کر حکومت ملک بھر میں سیاسی سر گرمیوں پر پابندی لگا رہی ہے، حکومتی رویوں کی وجہ سے لانگ مارچ پر مجبور ہوئے، 14 اگست کے اجتماع میں 10لاکھ سے زائد لوگ جمع ہوں گے، 4 حلقوں کی تحقیقات کا مطالبہ جائز تھا، آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں لیکن ایسی پارلیمنٹ چاہتے ہیں جو آئین کے مطابق ہو۔ وہ منگل کو تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی، عائشہ گلالئی اور ڈاکٹر اظہر جدون سمیت دیگر کے ہمراہ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا وہ سیالکوٹ ریجن کے کارکنوں کو متحرک کرنے اور ان کو لانگ مارچ میں شرکت کے لئے منعقدہ کنونشن میں شرکت کرنے کے لئے کمرشل فلائٹ کے ذریعے جا رہے تھے، جب وہ دیگر مسافروں کے ہمراہ سیالکوٹ ایئرپورٹ کی حدود میں داخل ہوئے تو ایئرپورٹ حکام نے حکومتی مداخلت پر جہاز کو اترنے سے روک دیا۔ انہوں نے کہا حکمران بتائیں تحریک انصاف کے کارکن کونسا آئین و قانون کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، کیا احتجاج یا لانگ مارچ کرنا جمہوری عمل نہیں ہے۔ حکمران تحریک انصاف کے کارکنوں سے خوفزدہ ہو چکی ہے اور بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر ملک بھر میں سیاسی سر گرمیوں پر پابندی لگا رہی ہے۔