آزادی مارچ ملک میں حقیقی جمہوریت لے کر آئیگا: پرویز خٹک
اسلام آباد (این این آئی)صوبہ خیبر پی کے کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ 14 اگست کو اسلام آباد میں تحریکِ انصاف کا حکومت مخالف آزادی مارچ ملک میں ایک حقیقی جمہوریت لے کر آئے گا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہاکہ ان کی جماعت نے اس مارچ میں شرکت کے لئے اپنی اتحادی جماعتوں کو باضابطہ طور پر دعوت نامہ بھیجا ہے۔ انہوں نے کہاکہ تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں نے عمران خان کی جانب سے گیارہ مئی 2013ء کے عام انتخابات میں دھاندلی کے خلاف لانگ مارچ کی کال کا خیر مقدم کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مڈٹرم الیکشن اس وقت ملک کی صورتحال کو بہتری کی جانب لے جانے کا ایک واحد راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ 14 اگست کو لانگ مارچ کا فیصلہ حتمی ہے اور یہ وفاقی حکومت کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے دن گنے جا چکے ہیں۔اب وقت آگیا ہے ہم وفاقی حکومت سے نجات حاصل کرلیں، جس نے انتخابات میں دھاندلی کے ذریعے اقتدار سنبھالا۔انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کی چار نشستوں پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کروانے کا وقت اب ختم ہوچکا ہے اور مڈٹرم الیکشن کروانے کے علاوہ ہم اور کچھ قبول نہیں کریں گے۔تحریک انصاف کے رہنماؤں سے ملاقات کرکے ان کے تحفظات کو دور کرنے کی حکومتی خواہش پر بات کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا عمران خان نے ماضی میں نہ تو بیک ڈور ڈپلومیسی کی ہے اور نہ ہی وہ ایسا مستقبل میں کریں گے۔