• news

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات آج سے دبئی میں شروع ہونگے

دوبئی (آئی این پی) پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ کے درمیان مذاکرات (آج) سے دبئی میں شروع ہو نگے۔ وزارت خزانہ، گورنر سٹیٹ بینک، چیئرمین ایف بی آر اور وزارت پانی و بجلی کے حکام پاکستان کی نمائندگی کرینگے۔ اجلاس کے دوران سٹیٹ بینک معاشی ترقی کے حوالے سے اعدادوشمار کو درست کرانے کی کوشش کریگا۔ وزارت خزانہ کے مطابق 6 سے 15 اگست تک ہونیوالے مذاکرات میں مالی سال 2014ء کی آخری سہ ماہی کے دوران معیشت کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائیگا۔ اجلاس میں آئی ایم ایف کے لیٹر آف انٹنٹ میں پاکستانی کی معاشی ترقی کی شرح کو درست کرنے کیلئے سٹیٹ بینک اپنا موقف پیش کریگا۔ حکومت پاکستان نے معاشی ترقی کی شرح 4.1 فیصد بتائی ہے جبکہ آئی ایم ایف کے لیٹر آف انٹنٹ پر ترقی کی شرح 3.3 فیصد درج کی گئی ہے۔واضح رہے کہ گورنر سٹیٹ بینک محمود اشرف وتھرا نے مانیٹری پالیسی میڈیا بریفنگ میں اس تضاد کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ آئندہ اجلاس میں اس غلطی کو درست کرلیا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق تکنیکی سطح کے مذاکرات آج سے شروع ہوں گے، جس میں وزارت خزانہ، گورنر سٹیٹ بینک، چیئرمین ایف بی آر اور وزارت پانی و بجلی کے حکام شریک ہوں گے جبکہ وزیر خزانہ 8 اگست کو دبئی روانہ ہوں گے، اور 11 اگست کو آئی ایم ایف کے سربراہ جیفری فرینک سے ملاقات کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن