ایران نے حماس کو اسرائیل سے دفاع کیلئے میزائل ٹیکنالوجی دی تھی: ایرانی عہدیدار
تہران (آن لائن) ایران کے ایک سینئر عہدے دار انقلابی گارڈز کے سابق کمانڈر محسن رضا عی نے کہا ہے کہ حماس اسرائیل تک میزائل فائر کرنے کی صلاحیت کی حامل ہے کیونکہ تہران نے اس مزاحمتی گروپ کو اسرائیلی حملوں سے دفاع کے لئے ہتھیاروں کی ٹیکنالوجی مہیا کی ہے۔ ایران کے عربی زبان میں نشریات پیش کرنے والے ٹی وی چینل 'العالم' نے مشاورتی کونسل کے سیکرٹری محسن رضاعی کا یہ بیان نشر کیا ہے جس میں انھوں نے کہا ہے کہ حماس کو غزہ کی آبادی کو اسرائیلی حملوں سے بچاؤ کے لیے زیرزمین سرنگیں کھودنی چاہئیں۔ فلسطینیوں کے مزاحمتی میزائل ایران کی منتقل شدہ ٹیکنالوجی کا تحفہ ہیں۔ہمیں فلسطینیوں کو دفاعی اور فوجی ٹیکنالوجی منتقل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ محاصرے میں ہتھیار تیار کرسکیں اور اپنا دفاع کر سکیں۔ انہوں نے حماس پر زوردیا ہے کہ وہ لڑائی کے دوران اسرائیلی فوجیوں کو گرفتار کرے تاکہ ان کو اسرائیل کے خلاف جنگ میں سودے بازی کے لئے استعمال کیا جاسکے۔