’’مجید نظامی نے بیباک صحافت کا سنہری باب رقم کیا، وفات قومی نقصان ہے‘‘
لاہور (کلچرل رپورٹر/ خصوصی رپورٹر) سینٹ کے سابق چیئرمین وسیم سجاد نے کہا ہے کہ جناب مجید نظامی کی رحلت بہت بڑا قومی نقصان ہے۔ وہ پاکستان اور نظریہ پاکستان کی علامت تھے۔ جب بھی پاکستان کسی مشکل میں نظر آتا چاہے وہ بیرونی جنگ ہو یا اندرونی انتشار تو ہم سب نظامی صاحب کی طرف دیکھتے تھے کہ وہ اس مسئلے پر کیا سوچ رکھتے ہیں کیونکہ وہ پاکستان اور پاکستان کے معاملات کے بارے میں بے لوث محبت رکھتے تھے ان کی سوچ خلوص اور حب الوطنی پر مبنی تھی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے معمار نوائے وقت جناب مجید نظامی کے انتقال پر ایڈیٹر انچیف نوائے و قت گروپ و ایڈیٹر نوائے وقت محترمہ رمیزہ مجید نظامی سے تعزیت کے بعد نوائے وقت سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ جناب مجید نظامی نے بطور صحافی نڈر اور بے باک صحافت کا سنہری باب رقم کیا۔ انہوں نے صحافت میں بے پناہ مسائل کا مقابلہ جرأت اور ہمت سے کیا۔ ماضی میں نوائے وقت پر مشکل وقت آیا، کئی حکمرانوں نے نوائے وقت کی آواز دبانے کی کوشش کی۔ اس کے اشتہارات بند کئے مگر وہ گھبرائے نہیں بلکہ حالات کا جرأت اور ہمت سے مقابلہ کیا۔ سابق وفاقی وزیر تجارت اور مسلم لیگی رہنما ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ مجید نظامی کی وفات سے صحافت کا باب بند ہو گیا۔ مجید نظامی مرحوم نظریہ پاکستان کے عظیم مبلغ اور کشمیر کاز کی جنگ لڑنے والے مجاہد پاکستان تھے۔ ان کی وفات سے مسلم لیگ یتیم ہو گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایڈیٹر انچیف نوائے وقت گروپ اور مجید نظامی مرحوم کی صاحبزادی رمیزہ مجید نظامی سے تعزیت کے بعد نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سینیٹر ہارون اختر خان بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ جناب مجید نظامی کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کے افکار اور کردار پر عمل کیا جائے۔ دریں اثناء محترمہ رمیزہ مجید نظامی سے تعزیت کے بعد گلوکارہ شاہدہ منی، رکن لاہور سٹاک ایکسچینج جاوید اقبال نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جناب مجید نظامی کا انتقال صرف ایک فیملی کا نہیں بلکہ پورے ملک کا نقصان ہے۔ خصوصاً صحافت کو بہت زیادہ نقصان پہنچا۔ وہ عظیم انسان تھے ان کی کمی پوری نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے پاکستان کو ہمیشہ مقدم رکھا۔ اپنے اخبار کو خالصتاً پاکستانی اخبار بنایا۔ انہوں نے اور نوائے وقت نے نظریہ پاکستان کے تحفظ کے لئے اہم کردار ادا کیا۔ خصوصاً کشمیر کے لئے ان کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ گلوکارہ شاہدہ منی نے کہا کہ نوائے وقت پاکستان کا واحد اخبار ہے جو بھارتی فلموں اور بھارتی فنکاروں کو پروموٹ نہیں کرتا اس نے صرف پاکستان کی فلم انڈسٹری اور پاکستان کے فنکاروں کو پروموٹ کیا ہے۔ جمہوریت کے فروغ کے لئے جناب مجید نظامی کی خدمات قابل قدر ہیں۔ لاہور سٹاک ایکسچینج کے ممبر جاوید اقبال نے کہا کہ جناب مجید نظامی کی رحلت پر پوری قوم سوگوار ہے۔ اس لئے کہ وہ سچے پاکستانی تھے۔ انہوں نے ہمیشہ پاکستان کے مفاد کو سامنے رکھا۔ ان کی کمی پوری نہیں ہو سکتی۔ اللہ تعالیٰ انہیں اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے۔