4 حلقے حکومت یا الیکشن کمشن کے کہنے پر نہیں صرف ٹربیونلز کے حکم پر کھولے جا سکتے ہیں، ترجمان
اسلام آباد (آن لائن+ آئی این پی) الیکشن کمشن کے ترجمان نے کہا ہے کہ چار حلقے حکومت یا الیکشن کمشن کے کہنے پر نہیں بلکہ الیکشن ٹربیونلز کے حکم پر ہی حلقے کھولے جا سکتے ہیں۔ میڈیارپورٹس کے مطابق الیکشن کمشن حکام کا کہنا ہے کہ حکومت چاہے بھی تو چار حلقے نہیں کھل سکتے، الیکشن کمشن بھی چار حلقے کھولنے کا حکم نہیں دے سکتا۔ حکام کے مطابق صرف ٹربیونلز کے حکم پر ہی حلقے کھولے جا سکتے ہیں۔ ٹربیونلز اپنے فیصلوں میں مکمل طور پر آزاد ہیں۔ آرٹیکل 225 کے تحت انتخابی عذرداری کی سماعت صرف ٹربیونلز کر سکتے ہیں ، حکومت اور الیکشن کمیشن کا ٹربیونلز پر کوئی اختیار نہیں۔