• news

مغرب کو اسلامی ملکوں میں جمہوریت پسند نہیں، انہیں مرسی نہیں سیسی چاہئے: خواجہ آصف

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مغربی طاقتیں پاکستان کی ایٹمی صلاحیت ختم کرنا چاہتی ہیں۔ عمران اور طاہر القادری مغربی ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔ عمران سیاسی یتیم ہیں، انہیں متعارف کرانے والے بھی آج نہیں رہے۔ نواز شریف کا قصور صرف یہ ہے کہ وہ ملک کو ترقی کیلئے ایک سال میں 4 قدم آگے بڑھے۔ لوڈشیڈنگ کی شرمندگی سے پارٹی کو بچانے کیلئے ہر وقت استعفیٰ دینے کو تیار ہوں۔ میرا لیڈر صرف نواز شریف ہے، میں صرف انہیں جوابدہ ہوں۔ اگر قیادت کے معیار پر پورا نہیں اترتا تو مستعفی ہونے کو تیار ہوں۔ مغرب کو کسی اسلامی ملک میں جمہوریت پسند نہیں، انہیں مرسی نہیں سیسی چاہئے۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو میں خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان انگلینڈ میں جاکر اپنے سابق یہودی سسر کی انتخابی مہم چلاتے ہیں، اس کیلئے مسجدوں میں جاکر ووٹ مانگتے ہیں، ان کے یہودی لابی سے وابستہ ہونے کا اس سے بڑا ثبوت اور کیا ہوگا۔ مغربی طاقتیں  پاکستان کی ایٹمی صلاحیت ختم کرنا چاہتی ہیں، کیونکہ وہ چاہتی ہیں کہ اسلامی ممالک خودکفیل ہونے کی بجائے ان پر انحصار کریں۔ انکو اسلامی ممالک میں جمہوریت پسند نہیں۔ 14 اگست کو پتہ چلے گا کہ طاہرالقادری اور عمران خان میں سے کون کسے استعمال کررہا ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان میں معیشت مضبوط ہوگی تو جمہوریت مضبوط ہو گی۔ مشرف کا معاملہ عدالت میں ہے وہی اس کا فیصلہ کرے گی۔ پرویز مشرف کی وجہ سے حکومت کو مسائل کا سامنا نہیں ہے۔ ہم نے قانون کی بالادستی کا حلف اٹھایا ہے۔ عمران خان نے پہلے ہی اپنے بچوں سے کہا تھا کہ الیکشن کے بعد وزیراعظم ہائوس میں رہیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن