جنرل راحیل کی آسٹریلوی وزیر دفاع، آرمی چیف سے ملاقاتیں، دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے دورہ آسٹریلیا کے دوران وزیر دفاع ڈیوڈ جانسٹن اور سیکرٹری دفاع ڈینس رچرڈ سن سے ملاقاتیں کیں، ملاقانوں کے دور ان علاقائی ٗ سلامتی اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل راحیل شریف نے آسٹریلیا کے آرمی چیف لیفٹیننٹ جنرل ڈیوڈ موریسن سے بھی ملاقات کی جس کے دوران دونوں ممالک کی افواج کے درمیان تعلقات مزید مستحکم کر نے پربات چیت ہوئی، بعد ازاں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے گول میز مذاکرے میں شرکت کی جس کا اہتمام وائس چیف آف ڈیفنس فورسز ٗ وائس ایڈمرل ٗ رے گریگز نے آسٹریلوی سروسز چیفس اور وزارت دفاع کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ کیا علاقائی سلامتی سے متعلق امور اور دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے پاکستان کے کر دار اور تعاون اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ دفاعی تعاون کے فروغ کی ضرورت جیسے امور زیر غور آئے۔ اس موقع پر پاکستان کے دہشتگردی سے نمٹنے کے تجربہ اور بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنانے کی مہارت کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کے دوران اسے سراہا گیا۔ آرمی ہیڈکوارٹرز آمد پر پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جبکہ جنرل راحیل شریف آسٹریلیا کے آرمی چیف لیفٹیننٹ ڈیوڈ موریسن کی جانب سے دی گئی، ضیافت میںاعزازی مہمان کے طورپر بھی شریک ہوئے۔ ان ملاقاتوں میں علاقائی سکیورٹی اور باہمی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ دہشت گردی کی جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہا گیا۔