• news

کبڈی ڈپلومیسی سے پاکستان بھارت تعلقات بہتر ہونگے : رانا مشہود

لاہور(نمائندہ سپورٹس /سپورٹس رپورٹر)صوبائی وزیر کھیل، قانون اور تعلیم رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ ورلڈ کبڈی لیگ 9اگست سے لندن میں شروع ہورہی ہے جس میں پاکستان، بھارت ، برطانیہ، کینیڈا اور امریکہ کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ورلڈ کبڈی لیگ کے سلسلہ میں بھارتی وفد کے ارکان بھارتی پنجاب کے وزیر سکندر سنگھ بھنیوال اور پنیت سنگھ چنڈوک کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی طرف سے لاہور لائنز کی ٹیم حصہ لے گی۔ فیصل آباد وولفز کے نام سے دوسری ٹیم کی رجسٹریشن  کی کوشش کر رہے ہیں۔ بھارت سے کبڈی ڈپلومیسی بھی شروع ہو چکی ہے جس سے تعلقات بہتر ہونگے۔ بھارتی صوبہ پنجاب کے وزیر سکندر سنگھ بھنیوال نے کہا کہ   پاکستان اور بھارت کے کھلاڑی شامل نہ ہوں  تو میچ دلچسپ نہیں ہوتا۔جس طرح کرکٹ اور فٹ بال کے کھیل مقبول ہیںآئندہ چند سال میں کبڈی بھی دنیا کا مقبول ترین کھیل بن جائیگا۔کبڈی کے کھلاڑی کرکٹرز سے بھی زیادہ کمائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بات بہت خوش آئند ہے کہ پاکستان کے پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف اور بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ پرکاش سنگھ بادل دونوں کھیلوں کے فروغ میں گہری دلچسپی لیتے ہیں، دونوں پنجابوں نے مل کر کبڈی کے کھیل کو نئی زندگی دی ہے۔بھارتی وزیراعلیٰ کے چیف ایڈوائزر پنیت سنگھ نے کہا کہ  پاکستان اور بھارت میں ہونیوالے مقابلے ویک اینڈ پر ہوں گے ایک ویک اینڈ پر مقابلے پاکستان اور دوسرے ویک اینڈ پر بھارت میں ہوں گے جس سے دونوں ملکوں کے عوام میں پیار محبت بھی بڑھے گا، بھارتی اداکار اکشے کمار کی ساری ٹیم سکھ کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، ان کی ٹیم کا نام خالصہ واریئرز ہے، اسی طرح بھارتی اداکارہ سوناکشی سنہا کی ٹیم بھی ورلڈ کبڈی لیگ کا حصہ ہے جبکہ مقبول گلوکار یویوہنی سنگھ کی ٹیم یویو ٹائیگرزبھی شامل ہے جو کہ کینیڈا میں ہونیوالے میچوں میں شرکت کریگی۔

ای پیپر-دی نیشن