• news

لاہور : ڈاکوئوں کے ہاتھوں شہری قتل‘ شیخوپورہ میں کانسٹیبل مارا گیا‘ بورے والا مقابلے میں چار ڈاکو ہلاک

لاہور + شیخوپورہ (نامہ نگار + نامہ نگار خصوصی) صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں ڈاکوئوںاور چوروںنے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ گوالمنڈی میں  ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ایک شخص جاں بحق ہوگیا، لڑکی سمیت 2 ڈاکوؤں نے  دکان میں گھس کر فائرنگ کی جبکہ شیخوپورہ میں ڈاکوئوں کی فائرنگ سے کانسٹیبل جاں بحق ہوگیا۔ ڈاکوئوں نے ہربنس پورہ میں فرید اور اس کی فیملی سے لاکھ روپے، گارڈن ٹائون میں مسز زبیر سے 1لاکھ روپے  کی نقدی، طلائی زیورات،موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیاہے۔ڈاکوئوں نے گلشن اقبال میں سرور سے 1لاکھ 30 ہزار روپے، موبائل فون اور گھڑی، ہنجر وال میں ڈاکوئوں نے عامر سے 85ہزار روپے اور موبائل فون، گارڈن ٹائون میں مومنہ سے65ہزار روپے اور موبائل فون،جوہر ٹائون میں اسلم سے 40 ہزار روپے، لیپ ٹاپ اور موبائل فون، وحدت کالونی میں نو شیرواں سے 35 ہزار روپے اور موبائل فون ، گلبرگ میں محمود سے 29ہزار روپے اور موبائل فون، باغبانپورہ میںشاہد سے 15ہزار روپے اور موبائل فون، فیکٹری ایریا میں شہزاد سے 9ہزار روپے اور موبائل فون، سبزہ زار میں حامد سے 6ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا۔ چوروں نے فیصل ٹاؤن میں ایک دکان سے8لاکھ روپے مالیت جبکہ، ملت پارک میں ایک دوکان سے 6 لاکھ روپے مالیت کا سامان چوری کر لیا ہے۔چوروں نے گرین ٹائون سے خورشید، نولکھا سے اعجاز، جوہر ٹائون سے اقبال، ٹائون شپ سے اسماء کی کاریں جبکہ ڈیفنس اے سے رمیز، داتا دربار سے عامر، شاہدرہ سے عبد الرئوف، ٹبی سٹی سے یوسف، اقبال ٹائون سے آصف، گلشن اقبال سے رفیق، ستوکتلہ سے ممتاز، نشتر کالونی سے عثمان، لیاقت آباد سے یاسین، باٹا پورسے ادریس، ریس کورس سے یوسف، شالیمار سے تیمور، گلبرگ سے فاروق،نیو انارکلی سے ہارون، شاد مان سے علی کی موٹر سائیکلیں چوری کر لیں۔ علاوہ ازیں شیخوپورہ میں چیچوکی ملیاں روڈ ریلوے پھاٹک کے نزدیک نامعلوم ڈاکوئوں نے تعاقب کرنے پر فائرنگ کردی جس سے تھانہ ہائوسنگ کالونی کا کانسٹیبل عامر صدیق ڈاکوئوں کی گولی لگنے سے جاں بحق ہوگیا اطلاع ملنے پر ڈی پی او شیخوپورہ افضال کوثر ڈی ایس پی سٹی مرزا عارف رشید پولیس کی بھاری نفری لیکر موقع پر پہنچ گئے اور مقتول عامر صدیق کی نعش کو سول ہسپتال شیخوپورہ منتقل کردیا جبکہ ملزمان کی تلاش کیلئے علاقہ بھر کی ناکہ بندی کردی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کانسٹیبل عامرصدیق مامور کی گشت پر جوئیانوالہ موڑ سے چیچوکی ملیاں جارہا تھا ریلوے پھاٹک کے قریب مشکوک افراد کو روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے فائرنگ شروع کردی اور گولی عامر صدیق کے سینے میں لگی جو موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ ڈاکو موقع سے فرار ہوجانے میں کامیاب ہوگئے۔ علاوہ ازیں گوجرانوالہ  سے نمائندہ خصوصی   کے مطابق  کھیالی میں ڈکیتی مزاحمت پر تاجر کے قتل کیخلاف کار ایسوسی ایشن کا لا ہور، اسلام آباد روڈ کو بلاک کرکے احتجاجی مظاہرہ، گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، مسافر کئی گھنٹے تک سخت گرمی میں خوار ہوتے رہے۔ کھیالی بائی پاس پر دو روز قبل گاڑیوں کے تاجر ذیشان کی دکان میں لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر ڈاکوئوں نے فائرنگ کر کے ذیشان کو قتل کر دیا تھا اور دکان میں پڑے لاکھوں روپے لو ٹ کر فرار ہو گئے تھے۔ کھیالی موٹر ایسوسی ایشن نے کھیالی چوک میں ٹائروں کو آگ لگا کر لاہور، اسلام آباد روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا۔ مظاہرین نے پولیس کیخلاف بھی شدید نعرے بازی کی تاہم اطلا ع ملنے پر اعلیٰ پولیس افسران بھی مو قع پر پہنچ گئے اور طویل مذاکرات کے بعد مظاہرین کو منتشر کرنے کے بعد ٹریفک کو بحال کروانے میں کا میاب ہو گئے۔ علاوہ ازیں بورے والا میں  پولیس مقابلہ،  3 ڈاکو ہلاک ہوگئے۔گوالمنڈی  کے علاقہ فوڈ سٹریٹ میں  مکان نمبر 23 گلی نمبر 2 کے رہائشی خالد  نے گھر کے نیچے جنرل سٹور بنا رکھا تھا  گذشتہ روز موٹر سائیکل لڑکی سمیت دو ڈاکوؤں نے  لوٹ مار شروع کی خالد نے مزاحمت کی تو  ڈاکوؤں نے گولیاں مار دیں۔

ای پیپر-دی نیشن