حافظ سعید نے کنٹرول لائن کے قریبی علاقوں میں ریلیوں سے خطاب کیا: بھارتی دعویٰ
نئی دہلی (کے پی آئی) بھارتی وزارت دفاع کے مطابق جموں کشمیر میں گزشتہ تین برسوں کے دوران عسکریت مخالف کارروائیوں کے دوران 49 بھارتی فوجی اہلکار ہلاک ہوئے ۔ بھارتی حکومت نے یہ دعوی بھی کیا ہے کہ ممبئی حملوں کے سلسلے میں بھارت کو مطلوب جماعۃ الدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید نے ماضی قریب میں لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحدوں کے نزدیکی علاقوں کا دورہ کرکے کئی ریلیوں سے خطاب کیا۔ راجیہ سبھا میں ایک سوال کا تحریری جواب دیتے ہوئے وزیر دفاع ارون جیٹلی نے بتایا کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران ریاست جموں کشمیر میں عسکریت مخالف کارروائیوں میں مجموعی طور 49 فوجی اہلکار اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ انہوں نے کہا کہ فوج نے دراندازی کے خلاف ایک خاص حکمت عملی اختیار کی ہے جس کو ریاستی حکومت کے اشتراک سے عملی جامہ پہنایا جاتا ہے۔ امور داخلہ کے وزیر مملکت کرن ریجی جو نے اس بات کا دعوی کیا کہ ممبئی حملوں کے سلسلے میں بھارت کو انتہائی مطلوب حافظ محمد سعید جموں کشمیر کے اس پار کنٹرول لائن اور بین الاقوامی سرحد کے نزدیکی علاقوں کا متواتر دورہ کرتے ہیں۔ انہوں نے دعوی کیا کہ ان دوروں کے دوران حافظ محمد سعید نے کئی ریلیوں سے بھی خطاب کیا جو بھارت کے لئے انتہائی تشویشناک ہے۔کرن ریجی جو کا مزید کہنا تھا کہ حافظ سعید ممبئی حملوں کا سرغنہ تھا اور وہ بھارت کو انتہائی مطلوب ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے پاکستان سے بار ہا درخواست کی ہے کہ حافظ محمد سعید سمیت ممبئی حملوں میں ملوث عناصر کے خلاف تیز رفتاری اور شفاف طریقے سے کارروائی عمل میں لائے۔وزیر مملکت نے کہا اس بات پر بھی زوردیا جاتا رہاہے کہ پاکستان جماعۃ الدعوۃ اور لشکر طیبہ جیسی تنظیموں اور ان کے لیڈروں کی سرگرمیوں پر پابندی عائد کرنے کے لئے موثر اقدامات کرے۔
بھارت وزیر داخلہ