• news

مولانا سمیع الحق کی مصری حکومت سے فلسطینی مسلمانوں کیلئے سرحدیں کھولنے کی اپیل

نوشہرہ (ثناء نیوز) جمیعت علماء اسلام س کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے مصری حکومت سے فلسطینی مسلمانوں کی مدد کیلئے سرحدیں کھولنے کی اپیل کردی۔ اس سلسلے میں پاکستان میں مصر کے سفیر کو تحریر طور پر سرحدی کھولنے کی اپیل کردی گئی۔ تحریری خط میں مولانا سمیع الحق نے تحریر کیا ہے کہ غزہ فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کا ایک ماہ ہو چکا ہے وہاں خونی درندوں نے بے گناہ مسلمان بچوں عورتوں معمر افراد کی نعشوں کے ڈھیر کے ڈھیر بنا دئیے ہیں۔ ضرورت تو اس امر کی ہے کہ اس مسئلے کو انصاف اور عدل کے اصولوں پر مستقل طور پر حل کیا جائے جس کے لئے عالم عرب کا متفق ہونا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تاہم موجودہ حالت جنگ میں ہماری جماعت جمعیت علماء اسلام (س) آپ سے پوری پاکستانی قوم کی طرف سے اپیل کرتی ہے کہ مظلوم اور مقہور زخمی فلسطینیوں کے علاج معالجے اور دیگر ضروریات زندگی کے لئے آپ اپنی سرحدیں (رفح وغیرہ) کھول دیجئے یہ انسانی حقوق کا بھی تقاضا ہے اور دوسری طرف ہماری ایمانی اسلامی غیرت و اخوت کا درس بھی یہی ہے۔
(سمیع الحق/ اپیل)

ای پیپر-دی نیشن