اسلام آباد : ریڈ زون کی سکیورٹی پرسوں فوج کے حوالے، شہر کی ناکہ بندی شروع
اسلام آباد(ثنا نیوز) حکومت نے یوم آزادی کے موقع پر سکیورٹی پلان ترتیب دیدیا۔ اسلام آباد میں ریڈ زون کی سکیورٹی دس اگست سے فوج کے حوالے کر دی جائے گی۔ اسلام آباد کے داخلی راستے کنٹینرز کے ذریعے بند کئے جائیں گے۔ پارلیمنٹ ہائوس کے اردگرد خصوصی جیمرز بھی لگائے جا رہے ہیں، اسلام آباد میں کنٹینرز کی بڑی تعداد پہنچا دی گئی ہے۔ فوجی جوان اہم عمارتوں کی سکیورٹی سنبھالیں گے، تیرہ اگست کی رات نو بجے سے بارہ بجے تک پارلیمنٹ ہائوس میں سلامی ہو گی، سلامی کی تقریب میں دو سو اہم شخصیات اور فوجی افسر شرکت کریں گے۔ مارگلہ کی پہاڑیوں کی خصوصی نگرانی پاک فوج کرے گی جبکہ فوج کے شارپ شوٹرز بھی مارگلہ کی پہاڑیوں پر تعینات ہوں گے۔ پارلیمنٹ ہائوس میں آزادی پریڈ کی تیاری عروج پر پہنچ گئی ہے۔ بری، بحری اور فضائیہ کے دستے ریہرسل کے لیے پارلیمنٹ ہائوس پہنچ گئے۔ پارلیمنٹ ہائوس پاک سرزمین شاد باد، اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں، اے مرد مجاہد جاگ ذرا اب وقت شہادت ہے آیا اور دیگر ترانوں اور ملی نغموں سے گونج اٹھا، فوجی بینڈ نے دھنیں بجائیں۔ ٹین کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل قمر جاوید باجوہ نے ریہرسل کا معائنہ کیا۔ انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد آفتاب چیمہ بھی ان کے ساتھ تھے۔ فوج اور انتظامیہ و پولیس کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ پارلیمنٹ ہائوس اور آزادی پریڈ کے مقام کی سکیورٹی کا جائزہ لیا ٹین کور کمانڈر نے آزادی پریڈ کی ریہرسل پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ریہرسل میں بری، بحری، فضائی تینوں مسلح افواج کے دستوں نے حصہ لیا۔ فل ڈریس ریہرسل کے دوران سلامی بھی دی گئی۔ ایوان صدر کے عین سامنے پرچم کشائی کا چبوترا تیار کر لیا گیا ہے۔ پریڈ کے لیے گرائونڈ بھی تیار کر لی گئی ہے۔ پنڈال کی تیاری کا سلسلہ جاری ہے جشن آزادی کے سلسلے میں پارلیمنٹ ہائوس کے فرنٹ کے حصے پر برقی قمقموں سے بڑا جھنڈا بھی بنا دیا گیا ہے جو انتہائی خوبصورت منظر پیش کر رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق پاکستان عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے کارکنوں کی گرفتاریوں کے لئے فہرستیں پولیس کے سپرد کر دی گئی ہیں۔ کل اسلام آباد کو سیل کرنے کے کام شروع کر دیا جائیگا۔ ثناء نیوز کے مطابق تحریک انصاف کے آزادی مارچ اور احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد میں پولیس کی بھاری نفری طلب کی گئی ہے۔ شہر کے راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کرنے کا سلسلہ بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ اسلام آباد میں تحریک انصاف کے آزادی مارچ اور احتجاج کے پیش نظر 10اگست کو پنجاب سے پولیس کی بھاری نفری طلب کر لی گئی ہے۔ ممکنہ طور پر کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے اور امن و امان پر قابو پانے کیلئے آزادکشمیر سے بھی ریزرو پولیس کی اضافی نفری بلائی گئی ہے۔ اسلام آباد پولیس نے شہر کے داخلی اور خارجی راستوں سمیت دیگر علاقوں میں بھی ناکہ بندی کا عمل شروع کر دیا ہے جس کیلئے اسلام آباد پولیس نے 400 اور راولپنڈی پولیس نے 450 کنٹینر قبضے میں لے لئے ہیں۔ انتظامیہ نے شہر کے مختلف علاقوں میں پٹرول پمپس بھی بند کرا دئیے ہیں جس کے بعد شہریوں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ آئی جی اسلام آباد نے شہر کی موجودہ صورتحال اور آئندہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی تشکیل دینے کیلئے پولیس کے افسروں کا اعلیٰ سطحی اجلاس بھی طلب کر لیا ہے۔
ریڈ زون