کمبوڈیا : 17لاکھ افراد کے قاتل دو سینئر ترین حکمرانوں کو عمرقید
نوم پنہ (اے پی پی)اقوام متحدہ کے تعاون سے قائم کمبوڈیا کی عدالت نے دو سابق کھیمروج حکمرانوں کو عمر قید کی سزا سنا دی ۔ 1970ء کی دہائی میں کمبوڈیا پر حکومت کے دوران 17لاکھ افراد کے قاتل حکمرانوں کے دو سینئر ترین ارکان کو یہ سزا انسانیت کے خلاف جرائم ثابت ہونے پر سنائی گئی ۔ کھیمروج حکومت کے سابق سربراہ 93 سالہ کھیو سیمفن اور ’’برادر نمبرٹو‘‘ کے نام سے معروف 88 سالہ نوان چی کا شمار کھمیروج حکمرانوں کے ابھی تک زندہ سینئر ترین حکمرانوں میںہوتا ہے۔ دونوں کو اس سزا کے خلاف اپیل کا حق بھی دیا گیا ہے لیکن اپیل کی سماعت کے دوران بھی ان کو رہا نہیں کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ کھمیرروج حکمران دراصل کمبوڈیا کی کمیونسٹ پارٹی آف کمپوچی کے رہنمائوں کا گروپ تھا۔ جنہوں نے ملک میں ایک مثالی معاشرے کی سائنسی بنیادوں پر تشکیل کے نام پر معاشرے کو معذور، بیمار اور نادار افراد سے پاک کرنے کے نام پر ملک کی نصف کے قریب آبادی کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔