• news

یوم آزادی کے موقع پر ہمیں اپنا احتساب کرنا چاہئے: آزاد بن حیدر

کراچی (غزالہ فصیح/ لیڈی رپورٹر) تحریک  پاکستان کے سرگرم کارکن  اور بزرگ  سیاسی رہنما آزاد بن حیدر نے یوم آزادی کے حوالے سے نوائے وقت  سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے  کہا کہ قوم آزادی کا تو جشن مناتی ہے مگر قیام  پاکستان کے مقاصد کو یکسر فراموش کر دیا ہے۔ علامہ اقبال  کی فکر اور قائداعظم کے ارشادات  نے ہندوستان میں بکھرے  ہوئے مسلمانوں کو ایک قوم بنادیا تھا لیکن آج  تعصب‘ لسانیت اور مفادات  پر مبنی سیاست  نے قوم کو منتشر کردیا ہے۔ آزاد بن حیدر نے کہا یوم  آزادی کے موقع  پر ہمیں اپنا احتساب کرنا چاہئے۔ دنیا  کے نامور جرنیلو ںکا یہ کہنا  ہے کہ فوجیں لڑائی  لڑتی  ہیں اور قومیں جنگ کرتی ہیں۔ آپ  اس حقیقت کی مثال  بھی دیکھ لیں کہ ویت نام ایٹمی طاقت نہیں تھا مگر قوم متحد تھی  تو امریکہ کے پرخچے  اڑا کر رکھ دیئے۔  روس سپرپاور تھا مگر منتشر  ہوا تو اپنے ایٹمی سائنسدانوں کو بیچ کر ڈبل روٹی  خریدی گئی۔ پاکستان  کی ایٹمی صلاحیت بھی اسی صورت میں قومی قوت بنے گی کہ جب قوم متحد ہوگی۔ آج کے لیڈر  لانگ مارچ اور انقلاب کی باتیں کرتے ہیں جبکہ ہمارے قائداعظم  لوگوںکو نظم و ضبط کی تربیت  دیتے تھے۔آزاد بن حیدر نے کہا  ہم  نے قائداعظم کے فرمان کی ترتیب  بدل دی ہے۔ آپ نے ایمان‘ اتحاد اور تنظیم  فرمایا تھا اور ہم نے اسے اتحاد، ایمان اور تنظیم کر دیا ہے جبکہ ایمان حب الوطنی اور پاکستانیت کی اساس ہے۔ آزاد  بن حیدر نے نظریہ  پاکستان  کے فروغ کے لئے  مجید نظامی مرحوم  کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ میں نظریہ  پاکستان ٹرسٹ کے دفتر  کو جی ایچ کیوکہتا ہوں، یہاں نئی نسل  کی نظریاتی  پرورش  کی  جاتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن