حریت رہنما جاوید میر کی نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشن کے حکام سے ملاقات
نئی دہلی (آن لائن)مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما جاوید احمد میر نے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشن کے اعلیٰ سفارتکاروں سے ملاقات کی اور انہیں مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ سرینگر میںجاری ایک بیان میں کہاگیا کہ جاوید میر نے اسلام آبادمیں 22اگست کو پاکستان بھارت خارجہ سیکرٹریوں کی سطح کے مذاکرات بارے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہاکہ دونوں ہمسایہ جوہری طاقتوں کے درمیان مسئلہ کشمیر کوپر امن طور حل کرنے کیلئے بات چیت کاآغاز ایک خوش آئند اقدام ہے۔تاہم انہوںنے کہاکہ مذاکرات میں کشمیر جیسے دیرینہ حساس مسئلے کو زیادہ اہمیت دی جانی چاہیے اور کشمیر کی حریت پسند قیادت کو بھی آئندہ مذاکرات میں ایک بنیادی فریق کی حیثیت سے شامل کیا جاناچاہئے۔ اس موقع پر پاکستانی ہائی کمشن کے سفارتکاروں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام اپنے کشمیری بھائیوں کو ان کے ناقابل تنسیخ حق، حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد میںکبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے اور ان کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت مسلسل جاری رکھیںگے۔ جاوید احمد میر نے کشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔