سابق چیف جسٹس افتخار چودھری نے انتخابات کے دوران مجھ پر کوئی دبائو نہیں ڈالا: فخر الدین جی ابراہیم
لاہور (آئی این پی + نوائے وقت رپورٹ) سابق چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) فخر الدین جی ابراہیم نے چپ کا روزہ توڑتے ہوئے کہا ہے کہ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے عام انتخابات کے دوران مجھ پر کسی قسم کا کوئی دبائو نہیں ڈالا، عام انتخابات میں 3 مزید اقدامات کر لئے جاتے تو انتخابات اچھے ہوتے، سیاسی قائدین کو صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہئے اور ملک میں کسی صورت جمہوریت کو ڈی ریل نہیں ہونا چاہئے، جمہوریت میں ہی ملک اور قوم کی بھلائی اور ترقی ہے۔ جمعہ کے روز ایک انٹرویو میں فخر الدین جی ابراہیم نے کہا کہ اگر عام انتخابات میں فوج کو معاونت کا کردار دیا جاتا، الیکشن ٹربیونل کا سربراہ حاضر سروس جج کو بنایا جاتا اور انتخابات مختلف مراحل میں ہوتے تو انتخابات شفاف بھی ہوتے اور اس پر کسی جماعت کو اعتراض بھی نہ ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ اب ضرورت اس بات کی ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں تاکہ ملک میں جمہوریت کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ جمہوریت ہی ملک و قوم کے مفاد میں ہے۔