اسرائیلی حملے پھر شروع، فلسطینی شہدا کی تعداد1922 ہو گئی، پاکستا ن بھر میں احتجاج
غزہ+ لاہور+ اسلام آباد (اے ایف پی + نامہ نگاران+ خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) اسرائیل اور فلسطین کے درمیان 72 گھنٹے کی جنگ بندی ختم ہوتے ہی صورتحال پھر کشیدہ ہوگئی جس کے بعد اسرائیلی فوج نے حماس کے ٹھکانوں پر دوبارہ فضائی حملے شروع کردیئے اور الزام عائد کیا ہے کہ حماس کی جانب سے راکٹ حملوں کے بعد کارروائی شروع کی گئی ہے۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان نے الزام عائد کیا کہ حماس نے جنوبی اسرائیل کے علاقے میں راکٹ فائر کئے جس سے 4 افراد زخمی ہوگئے جس کے جواب میں حملے شروع کئے گئے۔ اسرائیلی حملوں میں دس سالہ فلسطینی بچے سمیت 4 افراد شہید ہو گئے جبکہ 6 افراد زخمی بھی ہوئے۔ بی بی سی کے مطابق اب تک شہدا کی تعداد 1900 ہو چکی ہے۔ القدس بریگیڈ نے راکٹ حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ تین راکٹ فائر کئے گئے۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے راکٹ حملے کے بعد اسرائیلی فوج کو بھرپور جواب دینے کا حکم دیا۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے رپورٹ کے مطابق حماس نے اپنے مطالبات تسلیم کئے جانے تک جنگ بندی میں توسیع کو مسترد کردیا ہے۔ عرب پارلیمنٹ کے صدر احمد الجروان نے امریکہ اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے دیگر مستقل ارکان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ میں جنگ بندی جاری رکھنے اور فضائی حملے روکنے کیلئے اسرائیل پر دبائو بڑھائیں۔ دریں اثناء اسرائیلی جارحیت کے دوران اقوام متحدہ کے گیارہ ارکان کی موت پر اقوام متحدہ میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور پرچم سرنگوں کیا گیا۔ ادھر مصر میں اسرائیل اور فلسطین کے درمیان مذاکرات بغیر کسی معاہدے کے ختم ہوگئے ہیں۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ جب تک حماس کی جانب سے راکٹ حملے نہیں رکتے تب تک مذاکرات نہیں ہوں گے۔ دوسری طرف فلسطینی حکام کے مطابق اسرائیلی تازہ ترین حملوں میں ایک مسجد پر بمباری کی گئی۔ بی بی سی کے نمائندوں کے مطابق اسرائیلی فوج حملوں میں ٹینک اور گن بوٹس کا بھی استعمال کر رہی ہے۔ اے پی پی کے مطابق فلسطینی تنظیم حماس نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج کی بمباری میں اس کا ایک سابق ترجمان ہلاک ہوگیا۔ فلسطینی کا نام ایمن طہٰ بتایا گیا ہے جس کی نعش گذشتہ روز شام غزہ سٹی کے علاقے سے ملی۔ دریں اثناء پاکستان میں دینی جماعتوں نے اسرائیلی بربریت کے خلاف ملک گیر یوم احتجاج منایا۔ جماعۃ الدعوۃ پاکستان کی اپیل پر فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ لاہور میں المحمدیہ سٹوڈنٹس کی جانب سے چوبرجی چوک سے پریس کلب تک بڑی یکجہتی فلسطین ریلی نکالی گئی۔ پشاور، اسلام آباد، کوئٹہ، حیدرآباد، مردان، شیخوپورہ، مظفر آباد اور دیگر شہروں میں بھی جماعۃ الدعوۃ کی طرف سے یکجہتی فلسطین ریلیاں نکالی گئیں۔ پشاور میںشہید فلسطینی مسلمانوںکی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی گئی۔ حافظ محمد سعید، عبدالرحمن مکی، مولانا امیر حمزہ و دیگر نے کہا ہے کہ اسرائیل کی طرف سے 72 گھنٹے کی جنگ بندی کا اعلان دھوکہ ہے۔ حافظ محمد سعید کی اپیل پر علماء کرام اور دینی جماعتوں کے قائدین نے خطبات جمعہ میں اسرائیلی دہشت گردی اور فلسطینیوں کی نسل کشی کو موضوع بنایا اور اسرائیل کے خلاف مذمتی قراردادیں پاس کی گئیں۔ مرکزی جماعت اہلسنت پاکستان کی اپیل پر ملک بھر میں اسرائیل کے غزہ میں قتل عام کے خلاف اور مظلوم اہل فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا۔ ملک بھر کے تمام خطباء اور علماء مشائخ نے جمعہ کے خطبہ میں پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلم ممالک سے اسرائیل کو دہشت گرد ملک قرار دینے اور مسلم عوام سے تمام اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا گیا۔ جمعیت علماء اسلام (س) کی اپیل پر بھی فلسطین میں اسرائیلی بربریت اور ظلم کے خلاف یوم احتجاج منایا گیا۔ جمعیت علما پاکستان کے زیر اہتمام مظلوم فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہر ے کی قیادت جے یو پی پنجاب کے صدر علامہ قاری زوار بہادر نے کی۔ علاوہ ازیں سربراہ سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری کی خصو صی ہدایات پر اسرائیل کی فرعونیت کے خلاف یوم احتجاج منایا گیا۔ سربراہ سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہاکہ قبلہ اول کی حفاظت اور فلسطینیوں کے لہو کا قصاص لینے کیلئے مسلم امہ کو یکجا ہونا ہو گا۔ سربراہ تحریک صراطِ مستقیم ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی کی اپیل پر بھی فلسطینیوں کی حمایت میں یوم احتجاج منایا گیا۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق پاکستان پٹھان اتحاد کے زیر اہتما م فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجتی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا جو نڑ والا روڈ سے ریلی ضلع کونسل چوک اور گھنٹہ گھر اختتام پذیر ہوئی۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق دفتر سنی تحریک ایمن آبادی گیٹ تا ٹیکسی سٹینڈ جی ٹی روڈ تک احتجاجی ریلی نکالی گی۔ ڈاکٹر علامہ مفتی محمد اشرف آصف جلالی نے کہاکہ قبلہ اول کی حفاظت اور فلسطینیوں کے لہو کا قصاص لینے کے لئے مسلم امہ کو یکجا ہونا ہو گا۔ سنی اتحاد کونسل، جماعت اہلسنت، جماعت رضائے مصطفی، ادارہ صراطِ مستقیم، انجمن طلباء اسلام، پاکستان سنی فورس نے بھی یوم احتجاج منایا۔ بعد نماز جمعۃ المبارک گوندلانوالہ جامع مسجد شیر ربانی سے جی ٹی روڈ ریلوے سٹیشن تک زبردست احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق اسرائیلی بربریت کے خلاف یہاں مرکز اہلسنت جامع مسجد الفاروق کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ علاوہ ازیں متحدہ تحریک ختم ِنبوت رابطہ کمیٹی پاکستان کے زیر اہتمام بھی ملک بھر میں فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیل مظالم کے خلاف ’’یوم احتجاج‘‘ منایا گیا۔