اسرائیل‘ فلسطین سیزفائر میں توسیع‘ مذاکرات دوبارہ شروع کریں: بان کی مون
اقوام متحدہ (نمائندہ خصوصی) غزہ پر دوبارہ اسرائیلی بمباری شروع ہونے کے بعد اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے فریقین سے مزید کارروائیوں سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے اور انسانی بنیادوں پر دوبارہ سیز فائر کرنے اور مصر میں مذاکرات جاری رکھنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے مصر میں جنگ بندی پر توسیع میں ناکامی پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔ بان کی مون نے اسرائیل کی جانب راکٹ فائر کئے جانے کو مسترد کیا اور کہا کہ اس تنازع میں شہریوں کی مزید ہلاکتیں ناقابل برداشت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آگے بڑھنے اور دیگر مسائل حل کرنے کیلئے جنگ بندی میں جلد از جلد توسیع ناگزیر ہے۔ دریں اثنا اقوام متحدہ کے انسانی امور میں تعاون کے دفتر ’’او سی ایچ اے‘‘ نے کہا کہ 72 گھنٹے کی جنگ بندی کے دوران ادارے نے فوری ریلیف کی ضروریات کا جائزہ لیا ہے۔