• news

سپریم کورٹ بار کا حکومت سے آرٹیکل 245 کا نفاذ واپس لینے کا مطالبہ

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے ملک کی سیاسی صورتحال پر قرارداد منظور کرتے ہوئے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے اور آرٹیکل 245کے نفاذ کو واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ سپریم کورٹ بار کا اجلاس صدر کامران مرتضیٰ کی سربراہی میں منعقد ہوا جس میں ملک کی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں قرارداد پاس کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ملک کی سیاسی  مذہبی جماعتیں حالات کی سنگینی کو سمجھیں اور اس کا بغور جائزہ لیں اگر اس وقت معاملات کو سنجیدگی سے نہ لیا گیا تو حالات قابو سے باہر ہو سکتے ہیں اور ’’پوائنٹ آف نو ریٹرن‘‘ کی جانب جا سکتے ہیں۔ سپریم کورٹ بار نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت ان حالات میں سنجیدہ کردار ادا کرے اور کنٹینرز کی سیاست سے گریز کیا جائے اور ایسا کوئی بھی اقدام نہ اٹھایا جائے جو کہ آئین سے ماورا ہو۔آئین سے ماوراء  اقدامات کو بند کیا جائے اور ان حالات میں صدر بھی اپنا آئینی کردار ادا کر یں اور حالات کو قابو میں لانے کے لئے اقدامات اٹھائیں۔ وکلاء برادری نے جمہوریت کی بحالی کے حوالے سے اقدامات اٹھائے ہیں اور قربانیاں دی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن