سول نافرمانی جیسی صورتحال سے بچنے کیلئے طاہر القادری کو حراست میں نہ لیا جائے‘ خفیہ ادارے کا حکومت کو مشورہ
لاہور (جواد آر اعوان/ نیشن رپورٹ) ملک کے ایک مرکزی خفیہ ادارے نے حکام کو مشورہ دیا ہے کہ کسی بھی سول نافرمانی جیسی صورتحال سے بچنے کیلئے طاہرالقادری کو حراست میں لینے سے گریز کیا جائے۔ سیاسی حلقوں نے طاہر القادری سے متعلق خفیہ ادارے کے تجزیے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ حکمرانوں کو چاہئے کہ طاہر القادری کو کسی بھی بلاواسطہ کیس میں ملوث نہ کیا جائے بلکہ انہیں اس وقت گرفتار کیا جائے جب ان کیخلاف حقیقی اور ٹھوس معلومات موجود ہوں۔ تاہم اپنے کارکنوں کو اکسا کر ریاست کی رٹ چیلنج کرنے کے حوالے سے طاہر القادری کو مجرم قرار دینے کی کوشش جاری رکھنی چاہئے تاکہ انکا اصل کردار سامنے لایا جا سکے۔ دریں اثنا بعض تجزیہ کار مشیروں نے بھی حکمرانوں کو طاہر القادری کے گرد گھیرا تنگ کرنے میں احتیاط سے کام لینے کا کہا ہے۔