30 اہلسنت جماعتوں نے طاہر القادری کی حمایت، یوم شہدا میں شرکت کا اعلان کردیا
لاہور (سپیشل رپورٹر) اہلسنّت کی 30 جماعتوں نے ڈاکٹر طاہر القادری کی حمایت اور آج منائے جانیوالے یوم شہداء میں شرکت کا اعلان کردیا ہے۔ یارسول اللہ کے کہنے والے جرأت اور استقامت سے ڈاکٹر طاہر القادری کا ساتھ دیں گے اور ملک میں مصطفویٰ انقلاب لانے کیلئے سنی اتحاد کونسل اور عوامی تحریک کی جدوجہد کو کامیاب بنائیں گے۔ ڈاکٹر طاہر القادری قوم کی آخری امید ہیں۔ اس بات کا اعلان اہلسنّت جماعتوں کے رہنمائوں نے مشترکہ اعلامیہ میں کیا۔ انہوں نے عوامی تحریک اور سنی اتحاد کونسل کے رہنمائوں اورکارکنوں کی گرفتاریوں ،ناکہ بندیوں اور منہاج القرآن کا محاصرہ کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت طاقت کا استعمال کرکے پرامن عوام کو مشتعل نہ کرے۔گرفتار افراد کو فی الفور رہا نہ کیا گیا اور تمام رکارٹیں نہ ہٹائی گئیں تو پہیہ جام ہڑتال کی کال دیں گے۔ اعلامیہ جاری کرنے والی جماعتوں میں جے یو پی نیازی گروپ کے صدر پیر سید معصوم حسین نقوی، مرکزی جمعیت علمائے پاکستان کے رہنما پیر سید محمد اقبال شاہ، انجمن طلبائے اسلام کے مرکزی صدر ارحم سلیم قادری، سنی علماء بورڈ کے چیئرمین علامہ ارشاد قمری، یعقوب ظہور چشتی، یعقوب فریدی، مولانا غلام عباس قادری، پیر طارق ولی چشتی، مفتی محمد رمضان جامی اور دیگر رہنما شامل ہیں۔ دریں اثناء کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین محمد حامد رضا نے کہا ہے کہ کارکن رکاوٹیں توڑ کر ہر صورت یوم شہداء میں شریک ہونگے۔ پنجاب حکومت ادارہ منہاج القرآن کا محاصرہ کرکے اسرائیل کے نقش قدم پر چل رہی ہے۔ پرعزم کارکنان اپنی جانوں پر کھیل کرکے عوامی انقلاب کو کامیاب بنائیں گے۔ حکمران تشددکا راستہ اختیار کرکے خود تصادم کی سنگین صورتحال پیدا کردی ہے۔ ہم حکومت کی گرتی دیواروں کو آخری دھکا دینے کیلئے آج سروں پر کفن باندھ کر نکلیں گے۔ حکومتی ریاستی طاقت کا بے رحمانہ استعمال کرکے قوم کو بغاوت اور سول نافرمانی پر مجبور نہ کرے۔ طاہر القادری کی للکار سے پورا ملک گونج رہا ہے، عوامی انقلاب کے بعد عوام باعزت، باوقار اور بااختیار ہونگے۔