مقبوضہ کشمیر: کرناہ میں جھڑپ جاری‘ مزید 3 مجاہدین شہید کرنے کا بھارتی دعویٰ
سری نگر ( اے این این ) مقبوضہ کشمیر کے علاقے کرناہ میں بھارتی فوج کا جھڑپ کے دوران مزید 3 مجاہدین کو شہید کرنے کا دعوی۔ٰ لائن آف کنٹرول پر گزشتہ چار روز سے جاری اس جھڑپ میں بھارتی فوج کے دو اہلکار ہلاک ہوچکے ہیں علاقے میں مجاہدین کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن وسیع کردیاگیا۔ دوسری جانب حریت چیئرمین سید علی گیلانی سمیت متعدد رہنما گھروں میں بدستور نظربند، تفصیلات کے مطابق مقبوضہ وادی کے علاقے کرناہ میں لائن آف کنٹرول پر گذشتہ 4روز سے جاری جھڑپ کے دوران مزید 3 مجاہد شہید ہوگئے جبکہ پہلے ہی اس جھڑپ میں بھارتی فوج کے دو اہلکار ہلاک ہوچکے ہیں۔ فوج کا مزید کہنا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر اس سیکٹر میں مزید مجاہدین موجود ہیں جنہیں تلاش کیا جارہا ہے۔ فوج کے ایک ترجمان نے کہا کہ وہاں وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا ہے اور تب تک آپریشن جاری رہے گا جب تک تمام مجاہدین سے علاقے کو خالی نہیں کیا جائے گا۔ دوسری جانب بھارتی فورسز نے چیئرمین حریت کانفرنس سید علی گیلانی متعدد حریت رہنمائوں کو گھروں میں بدستور نظربند رکھا ہوا ہے اور انہیں باجماعت نماز ادا کرنے بھی نہیں دی جارہی ۔ حریت ترجمان کے مطابق گیلانی کی خانہ نظربندی کے 4سال مکمل ہوگئے ہیں۔