جنرل راحیل شریف کی زیرصدارت کور کمانڈر کانفرنس آج ہو گی، سیاسی سکیورٹی کی صورتحال پر غور ہو گا
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر + ایجنسیاں) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کور کمانڈروں کی 163ویں کانفرنس آج گیارہ اگست کو جی ایچ کیو میں طلب کرلی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مختصر پیغام میں اس کانفرنس کی غرض و غایت اور ایجنڈا کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔ واضح رہے کہ جنرل (ر) اشفاق پرویز کیانی کے دور سے کور کمانڈروں کی کانفرنس ماہانہ بنیادوں پر منعقد ہورہی ہے۔ میڈیا کے بعض حلقوں میں گیارہ اگست کو کور کمانڈرز کانفرنس کو ہنگامی کانفرنس قرار دیا جارہا ہے لیکن گزشتہ کور کمانڈرز کانفرنس 9 جولائی کو منعقد ہوئی تھی۔ اس اعتبار سے یہ بھی معمول کی ماہانہ کانفرنس ہے لیکن ملک کی مخدوش سیاسی صورتحال اور داخلی سلامتی کے حالات کے پیش نظر اس کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد یقیناً غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔ ایک ذریعہ کے مطابق شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضربِ عضب، متاثرین کی گھروں کو واپسی اور پاک افغان سرحد کی صورتحال کانفرنس کے ایجنڈا کا سب سے اہم موضوع ہے۔ اس کے علاوہ کنٹرول لائن کے حالات، مشرقی سرحد کی عمومی صورتحال اور پیشہ وارانہ امور بھی اس موقع پر زیر غور آئیں گے۔ داخلی سلامتی صورتحال کے تناظر میں ملکی سیاسی بحران بھی زیر غور آئیگا۔ ثناء نیوز کے مطابق آئی ایس پی آر کی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ کور کمانڈرز کانفرنس میں ملک کی مجموعی سکیورٹی کی صورتحال اور آپریشن ضرب عضب کے اہداف کا جائزہ لیا جائیگا۔ ادھر آئی این پی کے مطابق عسکری ذرائع نے کہا ہے کہ آزادی اور انقلاب مارچ کے اعلانات سے پیدا شدہ کشیدہ سیاسی صورتحال بھی کانفرنس میں زیربحث آئیگی، کانفرنس میں اہم فیصلوں کی توقع ہے۔