• news

حفاظتی انتظامات کے نتیجے میں عوام کو تکلیف پر معذرت کرتے ہیں: شہبازشریف، احسن اقبال

لاہور+ اسلام آباد (خبر نگار+ ایجنسیاں) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ صوبے میں پُرتشدد سرگرمیوں کے پیش نظر حکومت حفاظتی انتظامات کے نتیجے میں عوام کو جس تکلیف کا سامنا کرنا پڑا ہے میں اس پر ان سے معذرت خواہ ہوں۔  ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ صوبے کے عوام خصوصاً مختلف شہروں کے درمیان سفر کرنے والوں کو ان احتیاطی تدابیر کی وجہ سے جن رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا اور زحمت اٹھانا پڑی مجھے ان کا مکمل احساس ہے۔ حکومت کو یہ اقدامات عوام کی حفاظت کیلئے مجبوراً کرنا پڑے ہیں کیونکہ کوئی بھی حکومت شرپسند عناصر کو عوام کے جان و مال سے کھیلنے کی کھلی چھٹی نہیں دے سکتی۔ منہاج القرآن کے کارکنوں کی طرف سے بہیمانہ تشددکے ذریعے پنجاب پولیس کے اہلکارکی ہلاکت اور تھانوں کو آگ لگانے اور نجی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے واقعات نے ثابت کردیا ہے کہ اگر انتظامیہ یہ اقدامات نہ کرتی تو امن عامہ کے دشمن تشدد اور لاقانونیت کی تمام حدیں پھلانگ جاتے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر ترقیات و منصوبہ بندی احسن اقبال نے بھی میڈیا سے گفتگو میںکہا ہے کہ حکومت کی طرف سے شہریوں سے معذرت کرتا ہوں، حکومت اقدام نہ اٹھاتی تو بڑے پیمانے پر فساد ہوتا، عوام کے تحفظ کیلئے ہر قدم اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی اے ٹی کے کارکن ملک میں فساد پھیلانا چاہتے ہیں، حکومت نے مجبوراً رکاوٹیں لگائیں جس سے شہریوں کو پریشانی ہوئی، پاکستان کی فوج آئین کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے، قادری صاحب اور عمران خان ایک ہی سکے کے دو رُخ ہیں، بین الاقوامی حالات دیکھتے ہوئے مارچ قابل قبول نہیں۔

ای پیپر-دی نیشن