ڈاکٹر طاہر القادری نے حکومت کے خلاف اعلان بغاوت کر کے خود اپنے فتویٰ کی نفی کر دی: ساجد میر
لاہور (خصوصی نامہ نگار) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے ڈاکٹر طاہرالقادری کی طرف سے حکومت کے خلاف اعلان بغاوت کو ڈاکٹر طاہرالقادری کے اپنے دیئے گئے فتوی کے منافی قرار دیا ہے۔ ساجد میر نے اپنے بیان میں ڈاکٹر طاہرالقادری کی کتاب ’’دہشت گردی اور فتنہ خوارج‘‘ کے باب ’’مسلم ریاست اور نظم اجتماعی کے خلاف مسلح بغاوت‘‘ کی فصل سوم صفحہ 285 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری خود لکھتے ہیں ’’یہ بات شرعی اعتبار سے واضح ہے کہ مسلمان حکومت کے خلاف، خواہ وہ فاسق ہی ہو، قتال اور مسلح جدوجہد جائز نہیں ہے جب تک وہ صراحتاً کفر کا اعلان نہ کرے یا ان حکمرانوں کے کافر ہو جانے پر صریح اور قطعی طور پر اجماع امت نہ ہو جائے یا وہ حلال کو حرام اور حرام کو حلال نہ کریں۔ مزید یہ کہ وہ حکماً اقامۃ صلاۃ سے روکیں اور معصیت پر اکسائیں۔