• news

سڑکوں کی بندش سے خشک دودھ، ادویات، دالیں بھی مہنگی، اتوار بازاروں سے پھل، سبزیاں غائب

لاہور (نیوز رپورٹر + خبر نگار) پاکستان عوامی تحریک کے یوم شہدا اور پی ٹی آئی کے آزادی مارچ کے باعث حکومت کی طرف سے داخلی اور خارجی راستے بند کرنے سے لاہور میں اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ ہوگیا۔ لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں سڑکوں کی بندش کی وجہ سے لاہور میں پنجاب اور پاکستان بھر سے اشیائے خور و نوش سمیت دیگر کی ترسیل رک گئی۔ اس صورت حال کو دیکھتے ہوئے دکانداروں نے خشک دودھ، ادویات، دالوں اور پھلوں سمیت کھانے پینے کی دیگر اشیاء کی قیمتوں میں 5 سے 10 فیصد اضافہ کردیا جبکہ سبزیوں کی قلت کے ساتھ ان کی قیمت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔ عوامی تحریک کے کارکنوں کو روکنے کیلئے لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں 3 روز سے داخلی اور خارجی راستے بند ہیں جس کی وجہ سے کراچی اور دیگر شہروں سے خشک دودھ، فروٹ اور دیگر اشیاء کی ترسیل رک چکی ہے۔ جبکہ لاہور میں دیہی علاقوں سے سبزیاں لانے والی گاڑیوں کو بھی 3 روز سے شہر سے داخل ہونے کی اجازت نہیں مل رہی۔ خبر نگار کے مطابق شہر کے داخلی مقامات پر  رکھے کنٹینروں نے لاہوریوں کو تازہ سبزی اور پھلوں  سے محروم کر دیا۔ اتوار بازاروں میں خریداروں کو شدید مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ اتوار بازاروں میں پھل اور سبزیاں غائب ہوگئیں۔ آلو اور پیاز کے علاوہ صرف دو تین سبزیاں دستیاب تھیں۔ ٹماٹر کی قیمت میں چالیس روپے کا اضافہ ہوا اور ٹماٹر  100 روپے کلو میں فروخت ہوا۔ اتوار بازاروںکے  نرخنامے کے مطابق 34 میں سے 14 سبزیوں (آلو شوگر فری، آلو انڈیا، لہسن دیسی، لہسن چائنہ، ادرک سنگاپور، کھیرا، لیموں دیسی، پھلیاں، بندگوبھی، سبز مرچ فارمی، سبز مرچ دیسی، شملہ مرچ، مولی اور میتھی کی قیمتوں میں کمی جبکہ 16سبزیوں (آلو کچا چھلکا، پیاز، ٹماٹر، لسوڑھے، پالک، بینگن، کریلے، آم کچا، پھول گوبھی، اروی، گھیاکدو، گھیاتوری، بھنڈی ، ٹینڈے دیسی، شلجم اور حلوہ کدو)کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ اسی طرح 30 میں سے 14 پھلوں (کھجور، انار دیسی، کیلا اول، آم انور رٹول، مکئی کے سٹے، تربوز، خوبانی موٹی، انگور کالا، آم لنگڑا، امرود اور گنڈیریوں ) کی قیمتوں میںکمی ہوئی اور 12 پھلوں (سیب گاچہ سیب کشمیری، کیلا دوم، آم چونسہ سفید، آم چونسہ کالا، آم دیسی، گرما، ناشپاتی، آڑو اول، آڑو دوم ، آڑو کنارا اورشکر قندی)کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

ای پیپر-دی نیشن