وزیراعظم اور فوج بیت المقدس کی آزادی کے لئے جہاد کا اعلان کر یں: سراج الحق، حکومت کا17 اگست کو یوم فلسطین منانے کا اعلان
اسلام آباد (وقائع نگارخصوصی، نوائے وقت رپورٹ) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے وزیراعظم محمد نواز شریف اور افواجِ پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بیت المقدس کی آزادی کیلئے جہاد کے اعلان کریں بصورت دیگر ہمیں جہاد شروع کرنے کا راستہ دے، پاکستان کے 18کروڑ عوام قبلہ اوّل کو آزاد کرائیں گے۔ انہوں نے تمام آئمہ کرام سے اپیل کی کہ وہ قوم کو تقسیم کرنے کی بجائے اسے ایک کرنے کی کوشش کریں۔ اسرائیل کیخلاف مشترکہ اقدامات کیلئے وزیراعظم محمد نواز شریف فوری طور اسلام آباد میں اسلامی سربراہی کانفرنس بلائیں۔ ہماری کوشش ہے کہ 14اگست 2014ء کو پاکستان میں خون خرابہ نہ ہو ۔ فریقین سے کہنا چاہتا ہوں کہ اگر فقیر اور درویش کی بات نہ مانی تو دونوں ناکام ہو جائیں گے۔ انہوں نے یہ بات جناح ایونیو اسلام آباد میں ’’لبیک یا قبلہ اوّل‘‘ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں ہزاروں فرزندانِ اسلام نے شرکت کی۔ وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امیر سراج الحق کی اپیل پر 17اگست کو سرکاری سطح پر ملک بھر میں یوم فلسطین منایا جائیگا۔ عالم اسلام کے بیشتر ممالک آپس میں تقسیم ہیں اب صرف پاکستان ہی متحد رہ گیا ہے اور اسکو بھی تقسیم کرنے کی سازشیں ہو رہی ہیں۔ فلسطین کا ساتھ دینے کیلئے پاکستان کے عوام کو ان سازشوں کو ناکام بنا کر اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ ایک مضبوط و متحد پاکستان ہی فلسطین کی مدد کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ عالم اسلام کی 70 لاکھ فوج، 40 ہزار ٹینک، 15 ہزار لڑاکا طیارے، گیس و تیل کے وسیع ذخائر کے باوجود دنیا بھر میں مسلمانوں کا قتل عام جاری ہے اور عالم اسلام کے حکمران مسلمانوں کو تحفظ دینے میں ناکام رہے ہیں۔ سینکڑوں معصوم لوگوں کو اسرائیل نے ٹینکوں کے نیچے کچل دیا ہے۔ گذشتہ تیس دنوں سے غزہ پر لوہے اور بارود کی بارش ہو رہی ہے لیکن عالم اسلام کے حکمران خوابِ غفلت سے بیدار نہیں ہو رہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے نوازشریف اور شاہ عبداللہ سمیت 58 اسلامی ممالک کے حکمرانوں کو خطوط لکھے مگر انکی طرف سے کوئی جواب نہیں آیا۔ اگر عالم اسلام کے حکمران جہاد کیلئے تیار نہیں تو ہمارا راستہ چھوڑ دیں ہمارے لاکھوں نوجوان اپنی جانیں فلسطین اور کشمیر پر نچھاور کرنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 17 اگست کو کراچی میں’’ لبیک یا غزہ‘‘ کے نام سے قومی تاریخ کا سب سے بڑا مارچ ہو گا اور کراچی کے ملین مارچ میں میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا۔ سعیدہ وارثی نے احتجاجاً استعفیٰ دیکر عالم اسلام کے حکمرانوں کو غیرت دلانے کی کوشش کی ہے۔ اسرائیلی حملوں کے خلاف مغرب میں بھی احتجاج ہو رہا ہے۔ فلسطینیوں کے قتل عام میں امریکہ ملوث ہے۔ وزیراعظم سے اپیل ہے کہ غزہ کی صورتحال پر او آئی سی کا اجلاس طلب کریں، عالم اسلام کے حکمران اب غیرت کا مظاہرہ کریں۔ پرویز رشید نے کہا کہ سراج الحق کی ہر بات ہمارے دل کی ترجمانی ہو گی۔ یوم فلسطین کی تجویز سراج الحق نے دی تھی۔ دنیا بھر کی مسلمان ریاستوں کو تقسیم کر دیا گیا کچھ لوگ پاکستان کو بھی تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔ سازشی عناصر سے اپنی جان چھڑانا ہو گی۔ فلسطین کو آزاد کرانا ہے تو پاکستان کو تقسیم ہونے سے بچانا ہے۔